کراچی سے روزگار کی تلاش میں سکھر جانے والے 3 نوجوان کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا
کراچی سے سکھر جانے والے 3 نوجوانوں کو کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کرلیا، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے رہائی کے بدلے 60 لاکھ روپے تاوان مانگا ہے، زنجیروں میں جکڑے نوجوانوں کی ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے رہائشی 3 نوجوانوں کو کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں مغوی کراچی کے علاقے گلبہار میں کارپٹ کی صفائی اور صوفوں کی مرمت کا کام کرتے ہیں، مغویوں میں دو کزن اور ان کا ایک کاریگر شامل ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے مغویوں کے نمبر پر آن لائن کام کروانے کا جھانسہ دیا، تینوں بے روزگار نوجوان کام کی تلاش میں سکھر گئے تھے، سکھر پہنچتے ہی ملزمان نے نوجوانوں کو یرغمال بنالیا، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے رہائی کے لیے 60 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔
نوجوانوں کی زنجیروں میں جکڑی ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس حرکت میں آئی، پولیس کے مطابق رضویہ تھانے میں اغوا کا مقدمہ درج کرکے کیس کی تفتیش اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) کو منتقل کردی گئی ہے۔
ویڈیو میں تینوں ملزمان کو فریاد کرتے سنا جاسکتا ہے، پولیس کے مطابق مغویوں کی لوکیشن گھوٹکی کے کسی گاؤں کی آرہی ہے، پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد تفتیش شروع کردی ہے۔