حکومت اور پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹیوں کا تیسرا اجلاس 16 جنوری کو طلب
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مذاکراتی کمیٹیوں کا تیسرا اجلاس 15 جنوری کو طلب کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق 15 جنوری کو حکومت اور پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان ہونے والا اجلاس تیسرا ہوگا، اجلاس دن ڈیڑھ بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم 5 میں ان کیمرا ہوگا، اجلاس کی صدارت اسپیکر ایاز صادق کریں گے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے جیلوں میں بند پارٹی رہنماؤں کی رہائی اور 9 مئی 2023، 26 نومبر 2024 پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے 2 ادوار ہو چکے ہیں، یہ مذاکرات بظاہر 2 جنوری کو ہونے والی آخری ملاقات کے بعد سے تعطل کا شکار ہیں، پی ٹی آئی کی جانب سے جیل میں عمران خان تک بغیر نگرانی والے ماحول میں رسائی کا مطالبہ بظاہر تنازع کی وجہ بنا۔
تاہم گزشتہ روز ترجمان قومی اسمبلی نے بتایا تھا کہ حکومت نے اسپیکر ایاز صادق کے پیغام کے بعد اڈیالہ جیل میں مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کا اہتمام کیا تھا اور انہوں نے صرف پیغام رسانی کا کردار ادا کیا۔
بعد ازاں، سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر مذاکراتی کمیٹی کے دیگر ارکان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حامد رضا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی کمیٹی تیسرے مذاکراتی راؤنڈ کے لیے تیار ہے جس میں ہم 2 مطالبات تحریری شکل میں فراہم کردیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم چاہتے ہیں ظلم و ستم کا ازالہ اور ذمہ داروں کا تعین ہو، 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے جب کہ عمران خان نے بانی پی ٹی آئی نے اپنی رہائی کی کوئی بات نہیں کی، تاہم ہمارے اسیران کے ٹرائل مکمل ہوچکے ہیں ،قانونی حق سے محروم رکھا جارہا ہے۔
حامد رضا کا کہنا تھا کہ حکومت جوڈیشل کمیشن کے لیے ورکنگ کرکے آئے، مذاکرات کو حتمی نتائج تک پہنچانے کے لیے بال اب حکومت کی کورٹ میں ہے، 31 جنوری تک مذاکرات مکمل ہونے کی ہماری تاریخ ہے۔
اس سے قبل، حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے ’ڈان نیوز‘ کے پروگرام ’ان فوکس‘ میں گفتگو کے دوران عمران خان کو بنی گالا منتقلی کی پیشکش کو رد کردیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے عمران خان سے ہی پوچھا جائے، حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے ایسی کوئی پیشکش نہیں کی۔