تمباکو نوشی سے ہونے والی سالانہ اموات میں پاکستان سرفہرست
گیلپ پاکستان کی گلوبل برڈن آف ڈیزیز 2024 کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں تمباکو نوشی سے ہونے والی سالانہ اموات کی تعداد جنوبی ایشیا اور عالمی اوسط سے بھی زیادہ ہے۔
گلوبل برڈن آف ڈیزیز 2024 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تمباکو نوشی سے سالانہ اموات کی شرح 91.1 فی ایک لاکھ افراد ہے۔
گیلپ پاکستان کے مطابق (جو واشنگٹن ڈی سی میں واقع ملٹی نیشنل تجزیاتی اور مشاورتی فرم گیلپ سے وابستہ نہیں ہے)، پاکستان میں اموات کی یہ اوسط جنوبی ایشیا (78.1) اور باقی دنیا (72.6) کی اوسط سے زیادہ ہے۔
گیلپ پاکستان نے منگل کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا کہ 1990 سے 2021 کے درمیان پاکستان میں تمباکو نوشی سے ہونے والی اموات کی شرح میں 35 فیصد کی کمی دیکھی گئی جو بھارت (37 فیصد)، جنوبی ایشیا (38 فیصد) اور عالمی اوسط (42 فیصد) سے کم ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے سگریٹ برانڈ کے 100 پیکٹ خریدنے کے لیے فی کس آمدنی کا 3.7 فیصد درکار ہوتا ہے، یہ اعداد و شمار بھارت کے 9.8 فیصد اور بنگلہ دیش کے 4.2 فیصد سے کافی کم ہیں۔
2012 سے 2022 تک پاکستان میں 100 پیکٹ خریدنے کے لیے فی کس آمدنی میں 38 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا، جو سگریٹ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی عکاسی کرتا ہے۔
گیلپ پاکستان کی جانب سے 2022 میں کرائے گئے سروے کے مطابق 80 فیصد نے تمباکو نوشی ترک کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
نومبر میں صوبائی الائنس فار سسٹین ایبل ٹوبیکو کنٹرول کی طرف سے محکمہ صحت خیبر پختونخوا پر زور دیا گیا تھا کہ وہ ’تمباکو نوشی کی روک تھام اور تمباکو نوشی نہ کرنے والوں کی صحت کے تحفظ کا بل‘ تیزی سے نافذ کرے، محکمہ قانون نے 2016 میں اس کا جائزہ لیا تھا جس کے بعد سے یہ بل زیر التوا ہے۔
جون میں ہونے والی ایک تحقیق میں پاکستان اور بنگلہ دیش میں 95 فیصد بچوں میں سیکنڈ ہینڈ دھوئیں کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا، جس سے سانس کی نالی کے انفیکشن اور موروثی امراض میں مبتلا بچوں کی موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔