سیف علی خان کی جان بچانے والے رکشا ڈرائیور کو بطور انعام کتنی رقم ملی؟
بولی وڈ اداکار سیف علی خان نے بروقت ہسپتال پہنچانے والے رکشا ڈرائیور بھجن سنگھ رانا سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے ان کا شکریہ ادا کیا اور بطور انعام کچھ رقم بھی دی۔
بھارتی خبررساں ادارے دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ہسپتال سے ڈسچارج ہونے سے قبل بولی وڈ اداکار نے انہیں ہسپتال پہنچانے والے رکشا ڈرائیور سے ملاقات کی، اس موقع پر اداکار کی والدہ اور ماضی کی معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور بھی اُن کے ساتھ موجود تھیں، جنہوں نے بھجن سنگھ رانا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے خوب دعائیں دیں۔
خبر رساں ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں رکشا ڈرائیور نے انکشاف کیا کہ خان نے بر وقت مدد فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مالی مدد کی پیش کش بھی کی۔
دوسری جانب رکشہ ڈرائیور کو سیف علی خان کی جانب سے دی گئی انعامی رقم کے حوالے سے بھی سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی ہیں، تاہم درست رقم کیا ہے یہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکا۔
میڈیا رپورٹس میں اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ اتراکھنڈ سے تعلق رکھنے والے رکشا ڈرائیورکو تقریباً 50000 روپے ملے ہیں۔
دوسری جانب ڈرائیور نےاداکار سے کیے گئے وعدے کا پاس رکھتے ہوئے انعامی رقم بتانے سے انکار کردیا اور کہا کہ ’ لوگوں کو اس حوالے سے قیاس آرائیاں کرنے دیں۔ میں نے ان (سیف علی خان) سے وعدہ کیا ہے کہ انعامی رقم کے بارے میں کسی کو نہیں بتاؤں گا، اب چاہے جو بھی ہوجائے میں اس پر قائم رہوں گا۔ ’
ممبئی کے علاقے کھار میں ایک کمرے کے فلیٹ میں رہنے والے رکشا ڈرائیور کا مزید کہنا تھا کہ ’اداکار نے مجھ سے درخواست کی کہ میں یہ معلومات شیئر نہ کروں اور میں ان سے کیا گیا اپنا وعدہ ضرور پورا کروں گا۔‘
تاہم ڈرائیور نے سماجی کارکن فیضان انصاری کی اداکار کی جانب سے دی گئی 11 ہزار روپے کی انعامی رقم کا تذکرہ ضرور کیا۔
ملاقات کا مزید احوال بتاتے ہوئے ڈرائیورکا کہنا تھا کہ سیف علی خان نے مجھے اپنی ماں شرمیلا ٹیگور سے بھی ملوایا اور میں نے ان کے پاؤں چھوئے، جب کہ ان کی ماں نے میری تعریف بھی کی۔
چاقو حملے کی رات پیش آنے والے واقعے کا تذکرہ کرتے ہوئے ڈرائیو نے بتایا کہ جیسے ہی سیف علی خان ان کے رکشے میں سوار ہوئے، ان کا پہلا سوال تھا کہ ’ہسپتال پہنچنے میں کتنا وقت لگے گا؟‘
رانا کا کہنا تھا کہ ’میں تو تیزی سے وہاں سے گزررہا تھا کہ اچانک مجھے آواز آئی، سیف کی رہائش گاہ کے مین گیٹ پر کھڑی ایک خاتون چیخ رہی تھی کہ ’رکشا روکو‘ پہلے مجھے نہیں معلوم تھا کہ وہ سیف علی خان ہیں اور مجھے لگا کہ وہاں معمول کا کوئی جھگڑا ہوا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اداکار کی گردن اور کمر سے کافی خون بہہ رہا تھا اوران کا سفید کرتا سرخ ہو گیا تھا، ہسپتال پہنچ کر میں نے ان سے کرایہ بھی نہیں لیا۔