• KHI: Maghrib 6:13pm Isha 7:32pm
  • LHR: Maghrib 5:32pm Isha 6:56pm
  • ISB: Maghrib 5:33pm Isha 6:59pm
  • KHI: Maghrib 6:13pm Isha 7:32pm
  • LHR: Maghrib 5:32pm Isha 6:56pm
  • ISB: Maghrib 5:33pm Isha 6:59pm

2025 کا پہلا منکی پاکس کیس پشاور ایئرپورٹ سے رپورٹ

شائع January 25, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

سال 2025 کا پہلا منکی پاکس کیس پشاورایئرپورٹ سے رپورٹ ہوگیا، دبئی سے آنے والے 35 سالہ شخص میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی نے کہا کہ پبلک ہیلتھ ٹیم نے مریض کو پولیس سروسز ہسپتال منتقل کردیا ہے، پولیس ہسپتال سے مریض کے نمونے پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب بھیجے گئے، لیب نے دبئی سے آنے والے 35 سالہ شخص میں ایم پاکس کی تصدیق کردی ہے۔

احتشام علی نے کہا کہ پشاور ایئرپورٹ منیجر کو خط لکھ دیا ہے کہ مسافروں کی تفصیلات فراہم کی جائیں، معلومات ملتے ہی متعلقہ ڈی ایچ اوز کو کنٹیکٹ ٹریسنگ کے لیے مطلع کیا جائےگا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں اب تک ایم پاکس کے 10 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، 2023 میں 2، 2024 میں 7 جبکہ 2025 میں پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے، عوام سے التماس سے سماجی فاصلوں کو یقینی بناتے ہوئے محتاط رہیں۔

واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے گزشتہ سال نومبر میں منکی پاکس یا ایم پاکس سے بچاؤ کے لیے دوسری ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی تھی۔

ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صحت کے عالمی ادارے نے جاپان میں تیار کی جانے والی اور وہیں استعمال کی جانے والی ویکسین (LC16m8) کے استعمال کی منظوری دی تھی۔

مذکورہ ویکسین کو جاپان نے تیار کیا تھا اور دو سال قبل مذکورہ ویکسین کو وہاں مریضوں پر استعمال بھی کیا گیا تھا، جس کے نتائج حوصلہ کن آئے تھے۔

جاپان میں مذکورہ ویکسین کی کامیاب آزمائش کے بعد اسے دنیا بھر میں ہنگامی بنیادوں پر استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

مذکورہ ویکسین ایک سال سے زائد العمر افراد کو لگائی جا سکتی ہے اور اس کا ایک ہی ڈوز تجویز کیا گیا ہے، تاہم ڈاکٹرز کی تجویز پر کچھ عرصے بعد دوسرا ڈوز بھی لگوایا جا سکتا ہے۔

کمپنی کا دعویٰ تھا کہ مذکورہ ویکسین نہ صرف عام افراد بلکہ ایچ آئی وی سمیت دیگر مدافعتی کمزوری کی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے بھی فائدہ مند اور محفوظ ہے۔

اس سے قبل عالمی ادارہ صحت نے ستمبر میں پہلی ویکسین کے استعمال کی مشروط اجازت دی تھی، بعد ازاں اکتوبر میں ادارے نے مذکورہ ویکسین کو 12 سے 17 سال کی عمر کے افراد کے لیے بھی استعمال کرنے کی منظوری دی تھی۔

اس وقت منکی پاکس دنیا کے 80 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے، اس کے زیادہ کیسز براعظم افریقہ میں ریکارڈ ہو رہے ہیں جب کہ یورپ اور امریکا میں بھی ایم پاکس تیزی سے پھیل رہا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے منکی پاکس کو گزشتہ دو سال کے اندر دو بار ورلڈ ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا ہے، دوسری بار اگست 2024 میں ایم پاکس کو گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 27 جنوری 2025
کارٹون : 26 جنوری 2025