• KHI: Maghrib 6:13pm Isha 7:32pm
  • LHR: Maghrib 5:32pm Isha 6:56pm
  • ISB: Maghrib 5:33pm Isha 6:59pm
  • KHI: Maghrib 6:13pm Isha 7:32pm
  • LHR: Maghrib 5:32pm Isha 6:56pm
  • ISB: Maghrib 5:33pm Isha 6:59pm

ترک صدر رجب طیب اردوان آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے

شائع January 25, 2025
رجب طیب اردوان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وزارتی وفد بھی اسلام آباد پہنچے گا — فائل فوٹو
رجب طیب اردوان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وزارتی وفد بھی اسلام آباد پہنچے گا — فائل فوٹو

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اعلیٰ سطح کی اسٹریٹجک تعاون کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کا ساتواں اجلاس اگلے ماہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوگا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ رجب طیب اردوان کا دورہ 12 اور 13 فروری کو متوقع ہے۔

اسٹریٹجک تعاون کونسل کا بنیادی مقصد باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے جس کی سربراہی پاکستان کے وزیراعظم اور ترکیہ کے صدر مشترکہ طور پر کرتے ہیں۔

رجب طیب اردوان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وزارتی وفد بھی اسلام آباد پہنچے گا۔

کونسل کو 2009 میں دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی معاشی فریم ورک (ایس ای ایف) کے نفاذ کے لیے قائم کیا گیا تھا تاہم 2013 میں اس کا نام تبدیل کیا گیا تھا تاکہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تزویراتی شراکت داری کو اجاگر کیا جاسکے۔

فورم کا چھٹا اجلاس فروری 2020 میں منعقد کیا گیا تھا جبکہ ابتدائی طور پر ساتویں اجلاس کو 2022 میں منعقد کیا جانا تھا، تاہم یہ تاخیر کا شکار ہوگیا تھا۔

اسٹریٹجک تعاون کونسل کے اگلے اجلاس میں دفاع اور سیکیورٹی تعاون کو بڑھانے سمیت دونوں ممالک کے درمیان تجارت، اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے 24-2020 کے اسٹریٹجک اکنامک فریم ورک پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے حالیہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

دفتر خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’اجلاس کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کرنا تھا۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے نئی تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور یہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اعلیٰ سطح کے اسٹریٹجک تعاون کونسل کے ساتویں اجلاس کی تیاریوں کا حصہ ہے۔‘

کارٹون

کارٹون : 27 جنوری 2025
کارٹون : 26 جنوری 2025