تحریک انصاف نے 26ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا، عدالت عظمیٰ میں دائر پٹیشن میں 26ویں آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کر دی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق تحریک انصاف نے وکیل سمیر کھوسہ کے توسط سے درخواست دائر کرتے ہوئے 26ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔
پی ٹی آئی نے 26ویں آئینی ترمیم پر فیصلے تک جوڈیشل کمیشن کو ججز تعیناتی سے روکنے کی بھی استدعا کردی۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ 26ویں ترمیم کے تحت ہونے والے تمام اقدامات کالعدم قرار دیے جائیں، پارلیمنٹ آئین کے بنیادی خدوخال کو تبدیل نہیں کر سکتی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ کی آزادی آئین کا بنیادی جزو ہے، عدلیہ کی آزادی کے خلاف کوئی ترمیم نہیں کی جا سکتی، آئینی ترمیم اختیارات کی تقسیم کے آئینی اصول کے خلاف ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جماعت اسلامی اور اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی 26ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کررکھا ہے جبکہ سابق وزیر اعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے 26ویں ترمیم کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔