علی امین گنڈاپور کی جگہ جنید اکبر پی ٹی آئی خیبرپختوانخوا کے صدر مقرر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی جگہ جنید اکبر کو صوبائی صدر مقرر کر دیا۔
ڈان نیوز کےمطابق تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ علی امین گنڈاپور خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ ہیں اور ان پر بڑی ذمہ داریاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈا پور کی خواہش پر ہی ان سے پارٹی کی صوبائی صدارت واپس لی اور انہیں صوبے میں امن و امان اور گورننس کے معاملات پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنید اکبر کو پاکستان تحریک انصاف خیبر پختوانخوا کا نیا صدر مقرر کردیا گیا ہے جبکہ عمران خان سے جیل میں ملاقات کرنے والوں میں جنید اکبر بھی شامل تھے۔
دوسری جانب، عمران خان نے سلمان اکرم راجا کو جنید اکبر کی تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کی ہدایت کردی، اس کے علاوہ پنجاب میں عالیہ حمزہ کو اہم ذمہ داری ملنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے جنید اکبر بلا مقابلہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے لیے جنید اکبر کا نام تجویز کیا تھا۔
مسلم لیگ (ن) کے طارق فضل چوہدری نے بھی جنید اکبر کا نام تجویز کیا تھا جب کہ (ن) لیگ کے سینیٹر افنان اللہ نے بھی جنید اکبر کے نام کی تائید کی تھی۔