• KHI: Maghrib 6:13pm Isha 7:32pm
  • LHR: Maghrib 5:32pm Isha 6:56pm
  • ISB: Maghrib 5:33pm Isha 6:59pm
  • KHI: Maghrib 6:13pm Isha 7:32pm
  • LHR: Maghrib 5:32pm Isha 6:56pm
  • ISB: Maghrib 5:33pm Isha 6:59pm

منڈی بہا الدین: ریپ کے الزام پر ریسکیو 1122 کا افسر گرفتار

شائع January 25, 2025
— فائل فوٹو: شٹراسٹاک
— فائل فوٹو: شٹراسٹاک

پنجاب کے ضلع منڈی بہاالدین میں ریسکیو 1122 سروس کے افسر کو ایک خاتون کے ریپ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر منڈی بہا الدین عمران خان نے ایک ویڈیو بیان میں گرفتاری کے ساتھ ملزم کو معطل کرنے کی تصدیق کر دی، ان کا کہنا تھا کہ ملکوال میں ریسکیو 1122 کے ریسکیو اینڈ سیفٹی افسر (آر ایس او) کے خلاف شکایت درج کرائی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ آفس نے فوری طور پر انکوائری شروع کی اور ملزم کو معطل کر دیا، مزید بتایا کہ ریسکیو 1122 قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

منڈی بہا الدین کے پولیس اسٹیشن ملکوال میں ملزم کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 376 (ریپ کی سزا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ڈان کے پاس موجود ایف آئی آر کی نقل کے مطابق شکایت کنندہ نے بتایا کہ ملزم تین سال تک جنسی زیادتی کرتا رہا، اس کے علاوہ ’بلیک میلنگ‘ اور 4 تولہ سونا لے کر نوکری دلانے کا وعدہ کیا۔

17 جنوری کو جای معطلی کے حکم نامے کے مطابق ڈویژنل ایمرجنسی افسر نے تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی کہ آیا مشتبہ شخص ’ہراساں کرنے، دھمکیاں دینے، غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے، تصاویر بنانے اور محکمے میں ملازمت کی پیشکش کر کے رشوت لینے میں ملوث ہے یا نہیں۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ افسر کو معطل کر دیا گیا، اور اسے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس آرڈر کی وصولی کے 7 دنوں کے اندر انکوائری کمیٹی کے سامنے اپنا دفاع تحریری طور پر پیش کرے۔

مزید کہا گیا کہ اگر مشتبہ شخص نے اپنے دفاع میں تحریری طور پر کچھ نہیں کہا، یہ سمجھا جائے گا کہ یا تو اس کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کو کچھ نہیں ہے یا پیش کرنے سے انکار کر دیا ہے اور اس نے الزام کو تسلیم کر لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے (16 جنوری) پنجاب کے ضلع گجرات کے قریب گاؤں میں مبینہ طور پر 4 سالہ بچی کے ریپ اور قتل کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 27 جنوری 2025
کارٹون : 26 جنوری 2025