• KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:38pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 3:56pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 3:57pm
  • KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:38pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 3:56pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 3:57pm

لکی مروت: پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے مغوی کنٹریکٹ ملازم کی لاش برآمد

شائع January 26, 2025
گرینڈ جرگے کی کال پر شاپ کیپرز یونین کا پیر کے روز لکی مروت میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان—فائل فوٹو: عارف حیات
گرینڈ جرگے کی کال پر شاپ کیپرز یونین کا پیر کے روز لکی مروت میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان—فائل فوٹو: عارف حیات

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے مغوی کنٹریکٹ ملازم کی لاش ضلع لکی مروت کے دور افتادہ اور دشوار گزار علاقے ظریف وال سے برآمد کرلی گئی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ایک بزرگ نے بتایا کہ مقامی عمائدین، یرغمالیوں کے رشتے دار اور شہری تنظیموں کے مسلح ارکان مغوی ملازمین کی تلاش میں علاقے میں داخل ہوئے تھے۔

بزرگ کا کہنا تھا کہ ’وہ لوگ جمعہ کو سیکیورٹی فورسز کی جانب سے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی اطلاعات سننے کے بعد وہاں گئے۔‘

تاہم، اس آپریشن کی سرکاری طور پر کوئی تصدیق نہیں کی گئی اور نہ ہی پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ان ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے حوالے سے کوئی بیان جاری کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش ایک ویڈیو میں مسلّح عمائدین اور پہاڑی علاقے کے رہائشی نظر آرہے ہیں، جب کہ بزرگ نے انکشاف کیا کہ اغوا کاروں نے ریحان اللہ(مغوی اہل کار) کی لاش عمائدی کے حوالے کردی تھی، جسے بعد میں گورنمنٹ سٹی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ عمائدین نے کوچ ڈرائیور نواز خان کی رہائی کو یقینی بنایا، جسے 9 جنوری کو پی اے ای سی کے کنٹریکٹ ملازمین کے ساتھ اغوا کیا گیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’عمائدین، عسکریت پسند رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں تاکہ یرغمالیوں کی بحفاظت رہائی ممکن بنائی جا سکے۔‘

اسپتال میں طبی و قانونی کارروائی کے بعد ریحان اللہ کی لاش لواحقین کے حوالے کردی گئی، جسے بعداز نماز جنازہ مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، جہاں ضلع بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

دوسری جانب شاپ کیپرز یونین کے عہدیداروں نے گرینڈ جرگے کی کال پر پیر کے روز لکی مروت شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری یرغمالیوں کی بحفاظت رہائی کو یقینی بنانے کے لیے عمائدین کی مکمل حمایت کرے گی، جب کہ تاجروں نے آئندہ احتجاجی مظاہروں میں شرکت کا بھی اعلان کردیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 29 جنوری 2025
کارٹون : 28 جنوری 2025