لاہور میں روپ بدل کر وارداتیں کرنیوالے گروہ کا سرغنہ گرفتار، سونا، نقدی اور دیگر اشیا برآمد
لاہور میں روپ بدل کر ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کا سر غنہ آفتاب پولیس کے ہتھے چڑھ گیا، گرفتار ملزم سے سونا، نقدی، پرائز بانڈز اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے تھانہ داتا دربار کی حدود سے پولیس نے روپ بدل کر ڈکیتیاں کرنے والے گروپ کے سرغنہ کو گرفتار کیا، ملزم وگ لگا کر 5 ہزار کا کھلا کروانے کے بہانے ڈکیتی کرتا تھا۔
ڈی ایس پی اسلام پورہ سرکل حافظ عبیداللہ سعدی نے تھانہ نیو انارکلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ قانون توڑنے والے ملزمان جتنے بھی شاطر ہوں، پولیس کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، چند روز قبل داتا دربار کے علاقے میں ملزمان تاجر کے ڈسٹری بیوشن آفس میں پیسے کھلے کروانے کے بہانے داخل ہوئے اور عملے کو یرغمال بنا کر 20 لاکھ کی رقم لیکر فرار ہوگئے تھے۔
اسی گروہ کے ملزمان نے 20 جنوری کو گجر پورہ میں گھر میں واردات کی، جس میں ملزمان 10 لاکھ کے پرائز بانڈ اور طلائی زیورات لے کر رفو چکر ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ یکے بعد دیگر ان ملزمان نے لاہور میں وارداتوں کا سلسلہ جاری رکھا، گجر پورہ سے ہی ایک ہنڈا ون ٹو فائیو موٹر سائیکل چھینی، پولیس نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزم افتاب کو گرفتار کیا، جب کہ دیگر ملزمان کے بھی قریب ہے جن کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کو سیف سٹی بنائے جانے کے بعد چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں کمی آئی ہے، تاہم اس کے باوجود آئے روز شہریوں کو لوٹنے اور گھروں میں وارداتوں کے واقعات رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔