دورہ امریکا کے دوران کسی چین مخالف گروپ کی تقریب میں شرکت نہیں کی، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے دورہ امریکا کے دوران کسی چین مخالف گروپ کی تقریب میں شرکت نہیں کی، نوجوانوں کی تقریب میں شرکت کو غلط رنگ دیا۔
ڈان ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق سینیٹر محسن نقوی کی جانب سے یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف پوسٹس کی گئی جب کہ ایک مقامی اور ایک بھارتی میڈیا رپورٹ میں بھی یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ محسن نقوی نے چین کی حکمراں جماعت کمیونسٹ پارٹی کے خلاف مہم چلانے والے لابنگ گروپ کی میزبانی میں ایک تقریب میں شرکت کی تھی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ہفتے کو امریکی شہر ہیوسٹن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ان رپورٹس کو پروپیگنڈہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دورہ امریکا کے دوران چین کے خلاف کسی تقریب میں شرکت نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے امریکا میں تعلقات عامہ کی فرم ’گنسٹر اسٹریٹجیز ورلڈ وائیڈ‘ کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی تھی، جس کو ’پروپیگنڈہ کر کے غلط رنگ دیا گیا تاہم ایسے پروپیگنڈے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق وزیر داخلہ رواں ہفتے امریکا کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے مختلف تقریبات میں شرکت کی اور اہم ملاقاتیں کیں۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق محسن نقوی نے امریکی کانگریس کے ارکان کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ایوان نمائندگان کو پاکستان کے خلاف اکسایا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں ریاست پاکستان اور حکومت کے بارے میں بہت زیادہ گندگی پھیلائی جا رہی تھی، جسے صاف کرنا ضروری تھا، انہوں نے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کریں، وہ آپ کا حق ہے لیکن اس حد تک نہ جائیں کہ پاکستان کو نقصان اٹھانا پڑے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ میرے دورے کا مقصد امریکی سیاست دانوں سے مل کر دہشت گردی کے خلاف ایک موثر پلان بنانا ہے، دہشت گردی صرف پاکستان کی لڑائی نہیں یہ سب کی مشترکہ لڑائی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جو بھی ریاست پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھائے گا اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر داخلہ نے واشنگٹن میں امریکی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور امریکا پاکستان بزنس کونسل کے اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کی جب کہ امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
وفد سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے پر کشش مواقع رکھتا ہے، پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے اور تمام معاشی اشاریے بہتر ہوئے ہیں۔
وزیرِ داخلہ نے امریکا پاکستان بزنس کونسل کو ترجیحی بنیادوں پر خصوصی سہولتیں دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن میں 23 جنوری 2025 کو امریکی کانگریس مین جو ولسن اور روب بریسنہان سے ملاقات کی جس کے کچھ دیر بعد کانگریس مین جو ولسن کے ایکس اکاؤنٹ پر ’فری عمران خان‘ کی پوسٹ کی گئی۔