مظفرآباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کے قافلے پر حملہ
مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر حملہ ہوا ہے تاہم خوش قسمتی سے وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔
ڈان نیوز کے مطابق چوہدری لطیف اکبر اپنے حلقہ انتخاب مظفرآباد کے نواحی علاقہ کھاوڑہ میں ایک سیاسی میٹنگ میں جا رہے تھے کہ راستے میں ان کے قافلے پر فائرنگ کی گئی۔
نامعلوم افراد کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ میں اسپیکر چوہدری لطیف اکبر محفوظ رہے تاہم اس حملے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کے قافلے پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ بزدلانہ اور گھناؤنا عمل ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی حملے میں زخمی ہونے والے افراد کیلئے جلد صحتیابی کی دعا کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی اسپیکر کے قافلے پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی گئی، ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ ایک بزدلانہ فعل ہے۔
وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو حملہ آوروں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی اور حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔