مراکش: کشتی حادثے میں جاں بحق 13 پاکستانیوں کی لاشوں کی شناخت کا عمل مکمل
مراکش کے دخلا اسپتال میں کشتی حادثے میں جاں بحق 13 پاکستانی شہریوں کی لاشوں کی شناخت کا عمل مکمل ہوگیا ہے، دخلا ہسپتال میں موجود 13 لاشیں پاکستانی شہریوں کی ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کی لاشیں قابل شناخت نہیں تھیں، لاشوں کی شناخت کا عمل نادرا کی مدد سے مکمل کیا گیا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں سفیان علی ولد جاوید اقبال، سجاد علی ولد محمد نواز، رئیس افضل ولد محمد افضل، قصنین حیدر ولد محمد بنارس، محمد وقاص ولد ثنااللہ، محمد اکرم ولد غلام رسول شامل ہیں۔
محمد ارسلان ولد رمضان خان، حامد شبیر ولد غلام شبیر، قیصر اقبال ولد محمد اقبال، دانش رحمان ولد محمد نواز، محمد سجاول ولد رحیم دین، شہزاد احمد ولد ولایت حسین، احتشام ولد طارق محمود بھی مرنے والوں میں شامل ہیں۔
نادرا کی جانب سے تصدیقی عمل کے مکمل ہونے کے بعد مرنے والے افراد کی فہرستیں مرتب کی گئیں ہیں۔
واضح رہے کہ 16 جنوری کو مغربی افریقہ کے راستے غیر قانونی طور پر اسپین جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
تارکین وطن کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم واکنگ بارڈرز نے کہا ہے کہ مغربی افریقہ سے کشتی کے ذریعے اسپین پہنچنے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہوئی۔
مراکش کے حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز حادثے کا شکار ہونے والی تارکین وطن کی ایک کشتی سے 36 افراد کو بچایا گیا جس میں 86 تارکین وطن سوار تھے، جن میں 66 پاکستانی بھی شامل تھے۔
بعد ازاں، ترجمان دفتر خارجہ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسپین جانے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہونے والی تارکین وطن کی کشتی میں 80 مسافر سوار تھے، دفتر خارجہ نے بچنے والے 21 پاکستانی شہریوں کی فہرست جاری کی تھی۔