ہانیہ عامر بولی وڈ میں کام کرنے کی خواہش مند
پاکستان ار بھارت میں یکساں مقبول اداکارہ ہانیہ عامر نے بولی وڈ میں کام کرنے کی خواہش پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ تاحال انہیں پیش کش نہیں ہوئی۔
ہانیہ عامر نے حال ہی میں لندن میں ایک فنڈ ریزنگ ایونٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے سوال و جواب کے سیشن میں حاضرین کے سوالات کا بھی سامنا کیا۔
اداکارہ اپنی بے مثال کار کردگی سے تو پاکستانی مداحوں کا دل جیت چکی ہیں، تاہم سرحد پار بھی ان کے مداحوں کی کمی نہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ہانیہ عامر کی بولی وڈ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے مشہور ناموں سے بھی دوستی ہے۔
جب کہ اداکارہ کو کچھ ماہ قبل معروف بھارتی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ میں بھی دیکھا گیا تھا، جہاں گلوکار نے انہیں اسٹیج پر بھی مدعو کیا تھا۔
حالیہ دنوں میں متنازع بھارتی اداکارہ راکھی ساونت بھی ’نکتہ‘ کو دیئے گئے ایک ایک انٹرویو اس بات کا اظہار کر چکی ہیں بھارتی مداح ہانیہ عامر کو بولی وڈ میں کام کرتا دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔
جب کہ راکھی ساونت نے بولی وڈ کے تینوں ’خان‘ شاہ رخ، سلمان اور عامر کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ ہانیہ بہت منجھی ہوئی اور پیاری اداکارہ ہیں انہیں اپنی فلم میں کاسٹ کریں۔
فنڈ ریزنگ ایونٹ میں سیشن کے دوران حاضرین میں سے ایک مداح نے اداکارہ سے سوال کیا کہ اگر انہیں بولی وڈ سے کام کی پیش کش کی گئی ، خاص طور پر یہ آفر بھارتی معروف فلم ساز کرن جوہر کی جانب سے ہوئی تو کیا وہ اسے قبول کریں گی؟
جواباً اداکارہ نے اثبات میں سر ہلاتے ہوئے کہا کہ اگر پیش کش کی گئی اور اچھا پروجیکٹ ہوا تو ضرور سوچوں گی۔
ان کابولی وڈ کی آفر پر بات کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ ہم سے بولی وڈ فلموں میں کام کرنے کے حوالے سے اس انداز میں سوالات کیے جاتے ہیں جیسے کوئی غلط کام کرنے جا رہے ہوں۔
انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ابھی تک انہیں بولی وڈ سے کسی کام کی پیش کش نہیں ہوئی لیکن اگر انہیں آفر ہوئی تو وہ اس پر ضرور سوچیں گی۔
یاد رہے کہ سال نو کے موقع پر امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کو انٹرویو کے دوران ہانیہ عامر نے کہا تھا کہ پاکستانی اور بھارتی لوگ بچھڑے ہوئے کزن ہیں، دونوں ممالک کے لوگوں کی بہت ساری عادات ایک جیسی ہیں۔
جب کہ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا تھا کہ ان سمیت دونوں ممالک کے فنکاروں کو ایک ساتھ کام کرنے کے مواقع ملیں گے۔