بھارت: شادی تقریب میں ڈانس کے دوران ہارٹ اٹیک سے لڑکی ہلاک، ویڈیو وائرل
بھارتی ریاست مدھیا پردیش میں شادی کی تقریب میں ڈانس کرنے کے دوران ہارٹ اٹیک سے نوجوان لڑکی کے ہلاک ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق مدھیا پردیش کے شہر وڈیشا میں کزن کی شادی میں ڈانس کرنے والی لڑکی کو ہارٹ اٹیک ہوا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شادی کی تقریب میں قریبی رشتے دار شریک تھے، جن میں سے بعض ڈاکٹرز بھی تھے اور انہوں نے لڑکی کے گرنے کے بعد انہیں ابتدائی طبی امداد دینے کی کوشش بھی کی۔
رپورٹ کے مطابق موقع پر ڈاکٹرز کی جانب سے طبی امداد دیے جانے پر کوئی بہتری نہ ہونے پر لڑکی کو ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دیا۔
لڑکی کی جانب سے شادی کی تقریب میں ڈانس کرنے اور اس دوران ہارٹ اٹیک ہونے پر گرنے اور موقع پر ہی چل بسنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی جب کہ سوشل میڈیا صارفین کو یقین ہی نہیں آیا کہ لڑکی چل بسیں۔
اسی حوالے سے ’این ڈی ٹی وی‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مذکورہ لڑکی کی عمر 23 سال تھی اور وہ اندور میں اہل خانہ کے ہمراہ رہتی تھیں لیکن کزن کی شادی کے لیے دوسرے شہر آئی ہوئی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق ہارٹ اٹیک سے انتقال کرنے والی لڑکی کے بھائی بھی پہلے ایسے ہی اچانک ہارٹ اٹیک سے چل بسے تھے، اس وقت ان کے بھائی کی عمر 12 سال تھی۔