پاکستان اور ترکیہ کی جامعات میں تعلیمی و تحقیقی تعاون بڑھانے پر اتفاق
چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پروفیسر مختار احمد اور کونسل آف ہائر ایجوکیشن ترکیہ کے صدر پروفیسر ایرول اوزوار نے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے مابین تعلیمی اور تحقیقی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق فریقین نے برادر ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے روڈ میپ تیار کرنے پر اتفاق کیا۔
ایچ ای سی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ممکنہ تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا، جن میں تعلیمی اور تحقیقی تبادلے کے اقدامات، قیادت کی ترقی اور تعلیمی ماحول میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے کمیونٹی پر مرکوز منصوبے شامل ہیں۔
فریقین نے دونوں اطراف کی یونیورسٹیز میں فیکلٹی اور طلبہ کی نقل و حرکت کو آسان بنانے، تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو بڑھانے کے لیے یونیورسٹیز کا ایک کنسورشیم تیار کرنے اور پاکستان اور ترکیہ میں ابھرتے ہوئے مسائل پر مشترکہ تحقیقی پروگراموں کے لیے فریم ورک تیار کرنے جیسے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔