سرگودھا: جائیداد کے تنازع پر چچا اور بیٹوں نے 2 بھتیجیوں اور بھابھی کو قتل کر دیا
سرگودھا کے مضافاتی علاقے میں جائیداد کے تنازع پر ظالم چچا نے اپنے بیٹوں کے ساتھ مل کر خاندان کی 3 خواتین کو قتل اور اپنے بھائی کے خاندان کے 3 دیگر افراد کو زخمی کر دیا۔
ڈان نیوز میں شائع خبر کے مطابق یہ واقعہ سیلانوالی روڈ پر چک 103 این بی کے مقام پر پیش آیا، جہاں ایک شخص اور اس کے 3 بیٹوں نے اپنے رشتے داروں پر تیز دھار آلے سے حملہ کر دیا۔
جاں بحق ہونے والوں میں 2 کم سن بھتیجیاں علشبہ عارف اور مریم عارف کے علاوہ ان کی والدہ قمر بتول بھی شامل ہیں، جو ملزم کے بھائی کی اہلیہ ہیں۔
حملہ آوروں نے 3 دیگر نوجوان بھتیجیوں مافیا عارف، نمرہ عارف اور زینب عارف کو بھی شدید زخمی کردیا جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگئے، صدر پولیس نے جاں بحق ہونے والی ماں اور بیٹیوں کی لاشوں اور زخمی بہنوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
اطلاع ملنے پر ڈی پی او محمد صہیب اشرف نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور بعد ازاں زخمیوں سے ملاقات کی اور انہیں انصاف کی یقین دہانی کرائی۔
ذرائع کے مطابق نمرہ، مافیا اور زینب کو تشویش ناک حالت میں سرگودھا ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔
جھنگ روڈ پر حادثہ
سرگودھا جھنگ روڈ پر ساہیوال چوے والا ٹاؤن کی مین روڈ پر تیز رفتار ڈمپر اسٹیئرنگ راڈ میں خرابی کے باعث الٹ گیا, جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 2 تاجر شدید زخمی ہوگئے۔
حادثے کے باعث ٹریفک عارضی طور پر معطل ہوگیا، تاہم ریسکیو ٹیموں نے ڈمپر ہٹا کر گاڑیوں کی آمد و رفت بحال کردی۔
ذرائع کے مطابق اسٹیئرنگ راڈ میں خرابی کے بعد ڈمپر نے کنٹرول کھو دیا تھا، جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، زخمیوں میں خوشاب کے محمد ریحان اور بھکر کے رب نواز شامل ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔