سید نور کو دوسری شادی خفیہ رکھنے کا بیان مہنگا پڑ گیا، سوشل میڈیا صارفین برہم
پہلی بیوی سے دوسری شادی خفیہ رکھنے پر سید نور کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
فلم ساز، ہدایت کار اور لکھاری سید نور نے حال ہی میں نے 24 پلس کے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت اداکارہ صائمہ سے دوسری شادی سے متعلق بھی کھل کر بات کی۔
انہوں نے اپنی دوسری شادی کو صیغہ راز میں رکھنے سے متعلق بھی بات کی۔
فلم ساز کا کہنا تھا کہ پہلی بیوی رخسانہ نور کو دوسری شادی کی خبر اخبار کے ذریعے ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلی اہلیہ صحافی تھیں اور ایک انٹرویو کے دوران ان سے ملاقات ہوئی تھی۔
سید نور نے بتایا کہ پہلی شادی کے لیے ایسی خاتون کی تلاش تھی جو میرا گھر سنبھال سکیں اور پہلی اہلیہ بالکل ویسی تھیں۔
جب کہ اداکارہ صائمہ سے دوسری شادی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ شادی اداکارہ کے گھروالوں کی موجودگی میں ہوئی، تاہم اسے پہلی بیوی سے 4، 5 سال تک خفیہ رکھا۔
انہوں نے بتایا کہ پہلی بیگم کو دوسری شادی کا علم ایک اخبار کی خبر سے ہوا، جس کے بعد وہ خاصی ناراض اور خاموش ہوگئی تھیں۔
پہلی اہلیہ کی موت کا سبب بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں بریسٹ کینسر ہوگیا تھا، جو بعدازاں پھیل گیا۔
دوسری جانب سید نور کو دوسری شادی کو خفیہ رکھنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ فلم ساز نے اپنی پہلی اہلیہ کو نظر انداز کیا، جس کا غم ان سے برداشت نہیں ہوا۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ نام کمانا کوئی بڑی بات نہیں، انسان کا کردار بڑا ہونا چاہیے۔
کسی نے لکھا کہ آپ کو دوسری شادی نہیں کرنی چاہیے تھی۔
یاد رہے کہ دوسری شادی پر پہلی اہلیہ کے رد عمل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ خبر معلوم ہونے کے بعد پہلی اہلیہ اس قدر ناراض ہوگئی تھیں کہ انہوں نے غصے میں ایک لفظ تک نہیں کہا اور خاموشی اختیار کرلی۔
جب کہ بچوں نے بھی سخت ناراضگی کا اظہار کیا تھا، تاہم پہلی اہلیہ نے انہیں ہمیشہ والد سے بدتمیزی کرنے سے روکا۔