کہا گیا لوگ آپ کی نہیں ہمایوں سعید اور شان کی فلم میں سرمایہ لگائیں گے، امر خان
اداکارہ و لکھاری امر خان نے انکشاف کیا ہے کہ جب انہوں نے اپنی لکھی فلم کی کہانی پروڈیوسرز کو سنائی تو زیادہ تر افراد نے انہیں یہی کہا کہ لوگ آپ کے بجائے ہمایوں سعید اور شان کی فلم پر سرمایہ کاری کریں گے۔
امر خان کی لکھی فلم ’دم مستم‘ کو 2022 میں ریلیز کیا گیا تھا، اس میں اداکارہ نے اداکاری بھی کی تھی۔
فلم میں امر خان کے ساتھ عمران اشرف نے مرکزی ہیرو کا کردار ادا کیا تھا اور فلم اچھی کمائی کرنے میں کامیاب گئی تھی۔
اب انہوں نے مذکورہ فلم کو بناتے وقت پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں کہا جاتا تھا کہ آپ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرکے ابھی آئی ہیں، آپ کی فلم میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کرنا چاہے گا۔
اداکارہ نے ’مذاق رات‘ پروگرام میں بات کرتے ہوئے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ان کی والدہ کی محنت اور جفاکشی کی وجہ سے انڈسٹری میں انہیں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
ان کے مطابق والدہ نے انہیں لاڈ اور پیار سے پالا اور پڑھایا، کبھی انہوں نے انڈسٹری میں کسی مشکل کا سامنا نہیں کیا۔
انہوں نے انکشاف کیاکہ انہوں نے ’دم مستم‘ کی کہانی یونیورسٹی کے آخری سال میں لکھی تھی اور وہ کئی سال تک کراچی کے تقریبا تمام فلم ڈسٹری بیوٹرز، سرمایہ کاروں اور ٹی وی چینل مالکان کو فلم کی کہانی سناتی رہیں لیکن کسی نے ان کی فلم پر کام کرنے کی حامی نہیں بھری۔
انہوں نے بتایا کہ ایک بار وہ کسی ٹی وی چینل کے مالک کو کہانی سنانے گئیں تو مالک نکل گئے اور بیٹے کو ان کے سامنے بٹھادیا اور وہ ڈھائی گھنٹے تک مالک کے بیٹے کو کہانی سناتی رہیں۔
امر خان کا کہنا تھا کہ ٹی وی چینل کے مالک کے بیٹے کو فلم کی کہانی سناتے وقت وہ اشکبار ہوگئیں اور خدا سے دعا مانگی کہ انہیں ہمت عطا کریں اور اس طرح لوگوں کے سامنے ذلیل نہ کریں۔
امر خان کے مطابق زیادہ تر پروڈیوسر انہیں یہی کہتے تھے کہ وہ یونیورسٹی سے ابھی پڑھ کر آئی ہیں، اس لیے ان کی فلم میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر کوئی انہیں یہی کہتا تھا کہ وہ فلم بنانے کا خواب چھوڑ دیں، اداکاری پر توجہ دیں۔
امر خان کے مطابق انہیں کہا جاتا کہ لوگ ہمایوں سعید اور شان شاہد کی فلم میں سرمایہ کاری کریں گے، ان کی فلم میں کوئی پیسے نہیں لگائے گا۔