بھارت-بنگلہ دیش میچ: چیمپئنزٹرافی لوگو پر پاکستان کا نام نہ ہونے پر آئی سی سی نے غلطی تسلیم کرلی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی) میں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دبئی میں کھیلے گئے میچ میں لائیو کوریج کے دوران ٹورنامنٹ لوگو پر پاکستان کا نام نہ ہونے پر آئی سی سی نے اپنی غلطی تسلیم کرلی۔
چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا، تاہم میچ کی براہ راست نشریات کے دوران کچھ لوگوں نے آئی سی سی کی اہم غلطی کی جانب نشاندہی کروائی۔
دراصل، آئی سی سی ایونٹس میں لائیو نشریات کے دوران براڈ کاسٹرز کی جانب سے ایونٹ کا لوگو نمایاں کیا جاتا ہے جس میں میزبان ٹیم کا نام ہمیشہ سے موجود ہوتا ہے لیکن بھارت اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں ایسا نہ تھا۔
سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز اور تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ کراچی میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ کے دوران لائیو نشریات میں چیمپئنز ٹرافی کا لوگو اور اس کے نیچے میزبان ملک یعنی پاکستان کا نام بھی موجود ہے۔
تاہم، دبئی میں کھیلے گئے بھارت اور بنگلہ دیش کے میچ کے دوران ایسا نہ تھا، وہاں چیمپئنز ٹرافی کا لوگو تو موجود تھا لیکن اس سے پاکستان کا نام غائب تھا۔
جس پر شائقین کرکٹ کی جانب سے سوال اٹھایا گیا کہ آیا آئی سی سی نے بھارت کے کہنے پر ایسا جان بوجھ کر کیا یا پھر یہ کوئی تکنیکی غلطی تھی؟
بعد ازاں، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنی غلطی تسلیم کرلی۔
ترجمان آئی سی سی کا کہنا تھا کہ گرافکس کی غلطی تکنیکی وجہ سے ہوئی جو کہ آج سے درست ہوجائے گی جب کہ میچ کے دوران اس لوگو کو تبدیل کرنا ممکن نہیں تھا۔
ترجمان کے مطابق آئی سی سی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر میچ کے کلپس پر لوگو میں پاکستان کا نام موجود ہے، پاکستان کا نام صرف براڈ کاسٹ کے لوگو سے غائب رہا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ایسی خبریں وائرل ہوئی تھیں کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی ٹیم کی شرٹس پر آئی سی سی کے رولز کے مطابق ایونٹ کے لوگو پر میزبان ملک (پاکستان) کا نام چھاپنا چاہتا۔
تاہم، اس معاملے پر بھی آئی سی سی نے وضاحت کردی تھی کہ ایسا کچھ نہیں ہوگا اور پھر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری دیوجیت سیکیا نے بھی تصدیق کی تھی کہ آئی سی سی قوانین پر مکمل طور پر عمل کریں گے۔
واضح رہے کہ عام طور پر، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے تمام ایونٹس میں شرکت کرنے والی ٹیمیں آئی سی سی کی ہدایات پر عمل کرتی ہیں، اور ہر ٹیم ایونٹ کے آغاز سے پہلے اپنی پلینگ اور ٹریننگ کٹ منظوری کے لیے آئی سی سی کو بھیجنے کی پابند ہیں۔
2017 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں شریک تمام ٹیموں کی جرسی پر انگلینڈ اور ویلز کا نام شامل تھا، اسی طرح پاکستانی کھلاڑیوں نے ورلڈکپ 2023 کی شرٹس پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا اس ایونٹ کے لوگوں میں بھارت کا نام شامل تھا۔