گلیات میں شدید برفباری، ایوبیہ میں بارش کے باعث وین کو حادثہ، 4 مسافر جاں بحق
خیبرپختونخوا اور پنجاب میں پھیلے ہوئے خطے گلیات میں شدید برفباری کے نتیجے میں مختلف سیاحتی مقامات سیاح پھنس گئے جبکہ ایوبیہ میں مسافر وین کھائی میں گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل شاہ رخ علی نے ڈان کو بتایا کہ گلیات میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لیے خصوصی آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ جی ڈی اے کی ریسکیو ٹیمیں برفباری سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئےسیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ پھنسے ہوئے سیاحوں کو خوراک، گرم کپڑے اور دیگر ضروری امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جی ڈی اے کی مشینری برف ہٹا کر سڑکوں کو بحال کرنے میں مصروف ہے، سیاح موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کریں۔
ڈی جی گلیات کا کہنا تھا کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جی ڈی اے کی ریسکیو ٹیموں سے رابطہ کریں۔
شاہ رخ علی کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے نے ریسکیو آپریشن کے لیے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا ہے، جہاں سے ریسکیو ٹیموں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے مزید کہا کہ جی ڈی اے نے مختلف سیاحتی مقامات پر اضافی عملہ تعینات کیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
ادھر، خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں ایوبیہ کے قریب بارش کے باعث مسافر وین کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں 9 افراد شدید زخمی بھی ہوئے، جنہیں ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ایبٹ آباد حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس و دیگر امدادی اہلکار موقع پر پہنچ گئے، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں سمیت پولیس اور مقامی افراد امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوہستان میں شدید بارشوں کے باعث کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے مین روڈ بلاک ہو گیا، جس کے نتیجے میں گلگت بلتستان اور اسلام آباد آنے اور جانے والے مسافر شاہراہ قراقرم پر پھنس گئے تھے۔
خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے شمالی علاقہ جات میں برفباری اور بارش جاری سلسلے کے بعد علاقے میں نظام زندگی مفلوج ہو گیا تھا، سوات، دیر اپر، چترال، شانگلہ، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان، ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں شدید برف باری ہوئیتھی ، جبکہ ہنزہ، اسکردو، غذر، دیامر اور تقریباً گلگت بلتستان کے تمام اضلاع برف کی چادر اوڑھے ہوئے ہے، بارش کا سلسلہ مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا تھا، جس سے علاقے میں بھی پارہ گر گیا۔