کراچی: رمضان میں پکوڑے 500، جلیبی 430، گائے کا گوشت 750 روپے کلو بیچنے کی ہدایت
کراچی کی شہری انتظامیہ نے رمضان کے مقدس مہینے کی آمد پر گوشت اور دیگر خوردنی اشیا کی نئی قیمتیں مقرر کر دیں جن پر عملدرآمد کروانا حکام کے لیے چیلنج ہوگا، کیونکہ متعلقہ سرکاری ادارے تاحال تک شہر کے بیشتر علاقوں میں متعدد ضروری اشیا بالخصوص بیف اور مٹن کی پہلے سے جاری کردہ قیمتوں کو مکمل طور پر نافذ نہیں کرسکے ہیں۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق کمشنر سید حسن نقوی کی زیر صدارت ایک اجلاس میں رمضان المبارک میں اشیا کی نئی قیمتوں کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، بیورو آف پرائسز اینڈ سپلائی کے افسران اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
اے کیٹیگری کے سموسے کی قیمت 35 روپے اور بی کیٹیگری کے سموسے کی قیمت 30 روپے، اے کیٹیگری کے آلو سموسے کی قیمت 35 روپے اور بی کیٹیگری کی 30 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اے کیٹیگری کے مکس پکوڑے کی قیمت 600 روپے فی کلو اور بی کیٹیگری کے پکوڑوں کی قیمت 500 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
اے کیٹیگری جلیبی کی قیمت 500 روپے فی کلو اور بی کیٹیگری کی قیمت 430 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے بغیر ہڈی والے گائے کے گوشت کی قیمت 950 روپے فی کلو اور ہڈی والے گائے کے گوشت کی قیمت 750 روپے فی کلو مقرر کی ہے، بغیر ہڈی کے بچھیا کے گوشت کی قیمت 1150 روپے فی کلو اور ہڈی والے گوشت کی قیمت 1000 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
مٹن کی قیمت 2 ہزار روپے فی کلو مقرر کی گئی، اسی طرح کمشنر نے دالوں اور چاول کی قیمتیں بھی طے کی ہیں۔