کراچی میں بلیوں کے بھی شہریوں پر حملے، یومیہ ایک درجن کیس رپورٹ ہونے لگے
کراچی میں کتوں کے ساتھ ساتھ شہریوں پر بلیوں کے حملوں کا بھی انکشاف ہوا ہے اور روزانہ کتے اور بلیوں کے کاٹنے کے 100 کیس رپورٹ ہوتے ہیں، جن میں سے ایک درجن کیس صرف بلیوں کے شہریوں کو کاٹنے کے ہوتے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق کتے کے کاٹے کے علاوہ اب شہر قائد میں کیٹ بائیٹ کے کیسز میں اضافہ دیکھا جانے لگا ہے، شہر کے سرکاری ہسپتالوں بڑی تعداد میں کیس رپورٹ ہونے لگے ہیں۔
جناح اسپتال میں یومیہ 10 سے 12 کیٹ بائیٹ کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں اور سول ہسپتال میں رواں سال بلیوں کے حملے سے متاثرہ تھرڈ ڈگری کیسز کی تعداد 13 ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق ڈاگ بائیٹ کی طرح بلی کے حملے سے بھی ریبیز پھیلنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔
انچارج ایمرجنسی جناح ہسپتال ڈاکٹر عرفان کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال میں 100 سے زائد مریض ریبیز کے یومیہ رپورٹ ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال میں رپورٹ ہونے والے کیسز میں یومیہ 10 سے 12 کیٹ بائیٹ کے کیس بھی شامل ہیں، پالتو ویکسینیٹڈ بلیاں بھی حملہ کرسکتی ہیں، شہری احتیاط کریں۔
انچارج ایمرجنسی جناح ہسپتال نے کہا کہ کیٹ بائیٹ کے تھرڈ ڈگری کیسس زیادہ سامنے آرہے ہیں اب تک درجنوں کیٹ بائیٹ کے تھرڈ ڈگری کیسس رپورٹ ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب سول ہسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں رواں سال کے ابتدائی دو ماہ میں ریبیز کے 1241 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، سول ہسپتال میں رواں سال بلیوں کے حملے سے متاثرہ تھرڈ ڈگری کیسز کی تعداد 13 ہے۔