کراچی: غیر عورتوں سے تعلقات پر اعتراض کرنے والی بیوی کو آگ لگانے والا ملزم گرفتار
کراچی کے علاقے مہران ٹاؤن میں غیر ازدواجی تعلقات پر اعتراض کرنے پر بیوی کو آگ لگانے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق کورنگی کے ایس ایس پی (انویسٹی گیشن) محمد قیس خان نے ڈان کو بتایا کہ پولیس نے عظیم پورہ کے علاقے میں چھاپہ مار کر ملزم وقاص کو گرفتار کرلیا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے 15 مارچ کو اپنی اہلیہ رابعہ کو آگ لگا دی تھی، اور 16 مارچ کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 324 (اقدام قتل) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی، انہیں ڈاکٹر رتھ فاؤ سول اسپتال کراچی کے برنس سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔
رابعہ نے پولیس کو بتایا کہ اس نے وقاص سے تقریباً 2 سال قبل اپنی مرضی سے شادی کی تھی، شادی کے کچھ ہی عرصے بعد وقاص کا رویہ اس کے ساتھ بدل گیا اور وہ اسے باقاعدگی سے پیٹنے لگا، وہ دیگر خواتین میں بھی دلچسپی رکھتا تھا۔
14 مارچ کو جب وقاص رات گئے تک گھر نہیں لوٹا تو رابعہ نے بتایا کہ اسے شک ہوا کہ وہ کسی اور خاتون کے ساتھ ہو سکتا ہے، جب وہ گھر واپس آیا تو اس نے رابعہ کو پیٹنا شروع کر دیا اور غصے میں آکر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی اور فرار ہو گیا۔
10 سالہ لڑکا گھر میں قتل
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ 10 سالہ عثمان سلمان کو سپر ہائی وے پر واقع اس کے گھر میں قتل کر دیا گیا۔
سہراب گوٹھ کے ایس ایچ او سہیل خاصخیلی نے بتایا کہ لاش ایک کمرے سے برآمد ہوئی، جب کہ اہل خانہ دوسرے کمرے میں سو رہے تھے۔
پولیس افسر نے کہا کہ جس دوپٹے سے عثمان سلمان کا گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا، وہ اس کی بہن کا تھا، پولیس کو شبہ ہے کہ قتل کے پیچھے کوئی خاندانی تنازع ہے۔
یہ خاندان بنیادی طور پر پنجاب سے تعلق رکھتا ہے اور پچھلے دو تین سال سے شہر میں رہ رہا ہے۔