آرمی چیف کی والدہ انتقال کرگئیں، صدر، وزیراعظم اور اہم شخصیات کا اظہار تعزیت
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والِدہ قضائے الہٰی سے وفات پا گئیں۔
ڈان نیوز کے مطابق آرمی چیف کی والدہ گزشتہ شب قضائے الہٰی سے انتقال کر گئیں، جن کی نماز جنازہ اب سے کچھ دیر بعد راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔
نماز جنازہ میں صدر، وزیراعظم، وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ سمیت مسلح افواج کے افسران اور جنرل عاصم منیر کے خاندان کے افراد شرکت کریں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سمیت اہم شخصیات نے سربراہ پاک فوج سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی والدہ کےانتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، وزیراعظم نے مرحومہ کے لیے بلند درجات کی دعا بھی کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر ریلوے حنیف عباسی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی پاک فوج کے سربراہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی ہے۔
سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور رہنماؤں نے بھی آرمی چیف سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن نے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ پاک مرحومہ کے درجات بلند فرمائے، اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔