ہم زبان کے پکے ہیں، بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی، وفاقی وزیر توانائی
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی، اگلے چند روز میں میری باتیں ثابت ہوجائیں گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا میں بجلی کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کی باتیں درست نہیں ہیں۔
صحافی کے سوال کہ کیا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کا فائدہ عوام کو دیں گے؟ پر اویس لغاری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم زبان کے پکے ہیں،ہماری زبان پچھلی حکومت جیسی نہیں۔
اویس لغاری نے کہا کہ وزیر اعظم خوش خبری سنائیں گے، ہم دو دن پہلے کریں یا دو دن بعد کریں جیسے ہی وقت موزوں ہوگا قیمتیں کردیں گے۔
خیال رہے کہ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سرکاری لیکس کے ذریعے میڈیا میں بڑے پیمانے پر یہ خبر شائع ہوئی تھی کہ وزیراعظم 23 مارچ کو قوم سے خطاب میں بجلی کے نرخوں میں 8 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کریں گے، تاہم وزیر اعظم نے یوم پاکستان کی اپنی تقریر میں ایسے کسی ریلیف پیکج کا اعلان نہیں کیا تھا۔
قبل ازیں حکومت نے 15 مارچ کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا، حالانکہ عالمی منڈی کی مناسبت سے قیمتوں میں بڑی کمی کی توقع کی جارہی تھی، تاہم حکومت نے قیمتیں کم نہیں کیں، اس کے بجائے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس 10 روپے فی لیٹر بڑھادیا گیا۔
گذشتہ ہفتے وزیراعظم نے کہا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا بڑا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت ایک پیکج تیار کیا جا رہا ہے جس کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کر دیا جائے گا۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور وزیراعظم جلد بجلی صارفین کی سہولت کیلئے جامع ریلیف پیکج پیش کریں گے جب کہ بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ایک یا دو مہینے کے لیے نہیں ہوگی۔