کرک: بہادرخیل میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ، چیک پوسٹیں قائم
خیبرپختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے بہادرخیل کے پہاڑوں میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کر کے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے اور علاقے میں سیکیورٹی چیک پوسٹیں قائم کردی گئیں۔
ڈان نیوز کے مطابق دہشت گردوں پرکاری ضرب لگانے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے، بہادرخیل کرک پہاڑوں میں سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا۔
آپریشن کے نتیجے میں انار بانڈہ، تنگی ڈاگ اور دیگر مقامات پر ناکے قائم کر دیے گئے۔
آئی جی ذوالفقار حمید نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کی سرزمین پر دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، یہ آپریشنز دہشت گردوں کے لیے دو ٹوک پیغام ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر بالخصوص بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں حالیہ عرصے کے دوران دہشتگردی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
حکومت نے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے تناظر میں پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس 18 مارچ کو طلب کیا تھا۔
قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اعلامیہ جاری کردیا گیا تھا جس میں دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں کی مذمت کی گئی اور انسداد دہشتگری کے لیے قومی اتفاق کی ضرورت پر زور دیا گیا جب کہ سیاسی وعسکری قیادت دہشت گردی کو تمام شکلوں میں ختم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے اور ہر آپشن استعمال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔