• KHI: Maghrib 7:00pm Isha 8:22pm
  • LHR: Maghrib 6:40pm Isha 8:08pm
  • ISB: Maghrib 6:49pm Isha 8:20pm
  • KHI: Maghrib 7:00pm Isha 8:22pm
  • LHR: Maghrib 6:40pm Isha 8:08pm
  • ISB: Maghrib 6:49pm Isha 8:20pm

کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات مذاق بن گئے، نقل مافیا کا راج

شائع April 9, 2025
— فائل فوٹو: پی پی آئی
— فائل فوٹو: پی پی آئی

کراچی سمیت سندھ بھر میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات مذاق بن گئے، ہر طرف نقل مافیا کا راج ہے، کراچی میں طلبہ اور نجی اسکولوں کی انتظامیہ کی جانب سے میٹرک بورڈ آفس کے افسران کو مبینہ رشوت دے کر امتحانی مراکز تبدیل کرانا معمول بن گیا، حیدرآباد، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور کندھ کوٹ میں حل شدہ پرچے وقت سے قبل ہی سوشل میڈیا کی زینت بن گئے۔

ڈان نیوز ڈیجیٹل کو دستیاب معلومات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کے دوران نقل کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی میں نجی اسکولوں کی انتظامیہ اور طلبہ کی جانب سے میٹرک بورڈ آفس کے عملے کو مبینہ رشوت دے کر امتحانی مراکز تبدیل کرانا معمول بن گیا ہے۔

گلشن اقبال میں واقع ایک نجی اسکول کے مالک نے ڈان نیوز ڈیجیٹل کو بتایا کہ منگل کو شروع ہونے والے امتحانات سے قبل ان کے اسکول کا امتحانی مرکز غیر معمولی طور پر لانڈھی مجید کالونی کے دور افتادہ اسکول میں منتقل کردیا گیا۔

اسکول کے مالک نے بتایا کہ مذکورہ امتحانی مرکز تک بذریعہ گاڑی رسائی بھی ممکن نہیں تھی اور صرف پیدل ہی وہاں تک پہنچا جاسکتا تھا، معاملے کا علم ہونے کے بعد انہوں نے رات گئے تک ذاتی کوششوں سے اپنے اسکول کا امتحانی مرکز تبدیل کروایا۔

اسکول کے مالک نے بتایا کہ منگل کی صبح امتحان شروع ہونے سے کچھ گھنٹے قبل طلبہ نے ان سے رابطہ کرکے امتحانی مرکز تبدیل کرانے کا شکوہ کیا تو ان کے علم میں یہ بات آئی کہ طلبہ نے ازخود 50 ہزار روپے رشوت دے کر امتحانی مرکز کو گلشن اقبال سے لانڈھی منتقل کروایا تھا تاکہ باآسانی نقل کی جاسکے۔

اسکول مالک نے بتایا کہ طلبہ ان سے اصرار کرتے رہے کہ ان کا امتحانی مرکز دوبارہ لانڈھی منتقل کروایا جائے تاہم انہوں نے طلبہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایسا کرنے سے صاف انکار کردیا۔

ڈان نیوز ڈیجیٹل کو دستیاب معلومات کے مطابق کراچی کے بیشتر مضافاتی علاقوں میں سیاسی اور لسانی جماعتوں سے وابستہ بااثر مافیاز نے نجی اسکولوں کی انتظامیہ پر اثر انداز ہوکر امتحانی مراکز کو اپنے کنٹرول میں لے رکھا ہے اور امتحانات کے دوران طلبہ سے فی کس بھاری رقوم لے کر نقل کروائی جارہی ہے۔

دریں اثنا، کراچی میں میٹرک کے امتحانات کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے، بجلی کی عدم فراہمی کے باعث طلبہ دہرے امتحان میں مبتلا ہوگئے۔

کراچی کے علاقے جہانگیر روڈ، جمشید روڈ، لیاری اور اورنگی کے امتحانی مراکز بجلی سے محروم رہے، امتحانی مراکز میں پنکھے بند اور کلاسز اندھیرے میں ڈوبی رہیں جبکہ امتحانی عملہ بھی بجلی کی بندش سے شدید متاثر ہوا، لیاری، اورنگی ٹاؤن اور بن قاسم ٹاؤن میں 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، والدین اور استاتذہ نے مطالبہ کیا ہے کہ امتحانی اوقات میں بجلی فراہم کی جائے۔

دوسری جانب لاڑکانہ بورڈ کے زیرانتظام دسویں جماعت کا انگریزی کا پرچہ جوابات سمیت واٹس اپ گروپس میں وائرل ہوگیا، امتحانی مراکز میں طلبہ موبائل فون کے ذریعے بغیر کسی پریشانی کے نقل کرتے رہے۔

حیدرآباد میں دسویں جماعت کا انگریزی کا پرچہ جوابات سمیت واٹس اپ گروپس میں پہنچ گیا، نقل مافیا نے جوابات بھی واٹس اپ گروپس پر وائرل کردیے۔

شہید بینظیر آباد میں دسویں جماعت کا کیمسٹری کا پیپر آؤٹ ہوگیا، نقل مافیا نے کیمسٹری کا پرچہ جوابات کے ساتھ واٹس اپ گروپ میں وائرل کردیا۔

ادھر کندھ کوٹ میں دسویں جماعت کے امتحانات کے دوران کاپی کلچر کو روکنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیےگئے۔ سینٹرز کے داخلی دروازے بند کرکے غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا، ڈی سی کشمور نے امتحانی مراکز کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ٹیمیں تشکیل دیں۔

کشمور اور تنگوانی کے امتحانی مراکز میں سختی کے باوجود نقل جاری رہی، خیرپور میں سکھر بورڈ کے زیراہتمام نویں جماعت کے فزکس کے پرچے کے دوران اسسٹنٹ کنٹرولر نے امتحانی سینٹر کا دورہ کیا اور 25 سے زائد موبائل فون ضبط کرکے نقل کے کیس درج کردیے جبکہ نوشہروفیروز کی تحصیل محراب پور میں پرچہ آؤٹ کرنے کے الزام میں 3 طلبہ کو حراست میں لے لیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 28 اپریل 2025
کارٹون : 27 اپریل 2025