17 سال کی عمر میں بھارت کام کرنے گیا، وہاں کے پیسوں سے گھر خریدا، ایاز سموں
اسٹینڈ اپ کامیڈین، اداکار و ٹی وی میزبان ایاز سموں کے مطابق انہوں نے محض 17 برس کی عمر میں پاکستان کے بجائے بھارت سے اسٹینڈ اپ کامیڈین کا کیریئر شروع کیا اور وہاں سے کمائے گئے پیسوں سے ہی گھر خریدا۔
ایاز سموں نے حال ہی میں ’نادر علی پوڈکاسٹ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے زندگی اور کیریئر سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔
اداکار کے مطابق ان کے والد پاکستان نیوی میں تھے، جہاں سے ریٹائرڈ ہونے کے بعد ان کے والد نے پہلے ٹرانسپورٹ اور پھر ہوٹل کا کاروبار کیا لیکن دونوں کاروبار ناکام ہوئے، جس پر ان کے والد کو مختلف بیماریاں بھی ہوگئیں۔
ان کے مطابق جب وہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے، تب تک ان کے والد اور والدہ دونوں ہی بیماری کی وجہ سے بستر پر آ چکے تھے اور ان کے پاس یونیورسٹی کی فیس بھرنے کے پیسے بھی نہیں تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ان ہی دنوں میں بھارت کی پروڈکشن ٹیم یہاں ’انڈین لافٹر‘ شو کے لیے آڈیشن کرنے آئی تھی لیکن اس سے قبل ان کے اوپر چوتھی منزل سے گری ہوئی کھڑکی سر پر آ گری اور وہ بھی بستر پر جاپنچنے۔
ایاز سموں کے مطابق آڈیشن ٹیم کا معلوم ہونے پر وہ سر پر ٹانکوں کے ساتھ ہی آڈیشن کے لیے گئے اور خوش قسمتی سے منتخب ہوگئے، وہ منتخب ہونے والے 12 پاکستانیوں میں سے ایک تھے اور بھارتی ٹیم نے پانچ ہزار افراد کے آڈیشن لیے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ تب ان کی عمر 17 سال تھی اور پھر وہ بھارت کامیڈی شو کرنے گئے، جہاں انہوں نے شو جیتا، جس پر انہیں بھارتی 10 لاکھ روپے کی رقم ملی جب کہ انہیں پروگرام میں کام کرنے کا معاوضہ بھارتی 18 لاکھ روپے بھی ملے، جن سے انہوں نے واپس آکر گھر خریدا۔
ایک سوال کے جواب میں ایاز سموں نے بتایا کہ انہوں نے 2007 میں آج ٹی وی پر چلنے والے ایک کامیڈی شو میں ’کار‘ بھی جیتی لیکن انہیں دو ماہ تک کار نہیں دی گئی، انہیں روز آسرے دیے جاتے، بعض مرتبہ انہیں گاڑی کے بدلے پیسے لینے کا کہا جاتا لیکن بالآخر انہیں جیتی ہوئی کار دے دی گئی۔
ان کے مطابق انہوں نے بھارتی کامیڈی شوز میں کپل شرما سے بھی پہلے کام کیا اور بعد ازاں کپل شرما کے ساتھ بھی انہوں نے کام کیا جب کہ کپل شرما اور مرحوم سکندر صنم نے ان کی مدد بھی کی۔
ایاز سموں کا کہنا تھا کہ وہ متعدد بار بھارت کے کامیڈی شوز میں کام کرنے گئے، جس کے بعد انہوں نے پاکستان میں بھی کام کیا اور انہیں پذیرائی ملی۔
ٹی وی میزبان کے مطابق ان کے کیریئر کے عروج سے قبل ہی ان کے والد انتقال کر گئے جب کہ والدہ آج بھی رات کے 10 بجتے ہی انہیں فون کرکے گھر آنے کا کہتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شادی کرنے اور دو بچوں کے والد بننے کے باوجود وہ آج بھی اپنی والدہ کے لیے چھوٹے بچے ہی ہیں۔