• KHI: Maghrib 7:00pm Isha 8:22pm
  • LHR: Maghrib 6:40pm Isha 8:08pm
  • ISB: Maghrib 6:49pm Isha 8:20pm
  • KHI: Maghrib 7:00pm Isha 8:22pm
  • LHR: Maghrib 6:40pm Isha 8:08pm
  • ISB: Maghrib 6:49pm Isha 8:20pm

کراچی: ایک ہفتے میں 11 ہزار 276 موٹر سائیکلیں، 223 ڈمپرز، ٹرک اور دیگر گاڑیاں ضبط

شائع April 16, 2025
شرجیل میمن نے کہا کہ شہری گاڑیوں کو مکمل دستاویزات کے ساتھ سڑکوں پر لائیں، بصورت دیگر کارروائی ہوسکتی ہے — فائل فوٹو: ڈان
شرجیل میمن نے کہا کہ شہری گاڑیوں کو مکمل دستاویزات کے ساتھ سڑکوں پر لائیں، بصورت دیگر کارروائی ہوسکتی ہے — فائل فوٹو: ڈان

کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ایک ہفتے میں 11 ہزار 276 موٹر سائیکلیں اور 223 ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز اور لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکلز ضبط کرلی گئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ فینسی نمبر پلیٹس، کالے شیشے اور دیگر خلاف ورزیوں پر 831 کارروائیاں کی گئی ہیں، 25 گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی ہے، 174 گاڑیوں کی رجسٹریشن کو عارضی طور پر معطل کرکے مخصوص شرائط کے تحت ایم وی آئز کے ذریعے چھوڑا گیا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن بلاامتیاز جاری رہے گا اور تمام متعلقہ ادارے اس عمل میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، عوام کی حفاظت، قانون کی بالادستی اور شہر میں نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ روڈ پر بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ چلنے والی ٹرانسپورٹ شہریوں کی زندگیوں کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہیں، تمام شہری قانون کا احترام کریں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ شہری اپنی گاڑیوں کو مکمل دستاویزات، فٹنس اور رجسٹریشن کے ساتھ سڑکوں پر لائیں، بصورت دیگر انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 اپریل 2025
کارٹون : 27 اپریل 2025