• KHI: Maghrib 7:00pm Isha 8:22pm
  • LHR: Maghrib 6:40pm Isha 8:08pm
  • ISB: Maghrib 6:49pm Isha 8:20pm
  • KHI: Maghrib 7:00pm Isha 8:22pm
  • LHR: Maghrib 6:40pm Isha 8:08pm
  • ISB: Maghrib 6:49pm Isha 8:20pm

متنازع نہروں کیخلاف قوم پرستوں کی کال پر سندھ میں ہڑتال، خیرپور میں ریلوے ٹریک بحال

شائع April 20, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

سندھ کے ضلع خیرپور میں قوم پرست جماعتوں کی جانب سے متنازع کینالز کے مسئلے پر سندھ بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کے دوران کئی گھنٹے کی بندش کے بعد ریلوے ٹریک کو بحال کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق دریائے سندھ سے متنازع نہریں نکالنے کے خلاف قوم پرست جماعت کی جانب سے آج سندھ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی، احتجاج کے دوران مظاہرین نے ریلوے ٹریک کا ایک حصہ بلاک کر دیا تھا جس کے باعث کئی گھنٹوں تک ٹرینوں کی آمد و رفت معطل رہی۔

یاد رہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 15 فروری کو چولستان کے اس بڑے منصوبے کا افتتاح کیا تھا جس کا مقصد جنوبی پنجاب کی زمینوں کو سیراب کرنا تھا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جنوبی پنجاب میں 1.2 ملین ایکڑ ’بنجر زمین‘ کو سیراب کرنے کے لیے 6 نہریں تیار کرنے کے لیے شروع کیے گئے 3.3 ارب ڈالر کے گرین پاکستان انیشی ایٹو (جی پی آئی) کی پیپلز پارٹی سمیت کسانوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے سخت مخالفت کی۔

گزشتہ چند ماہ سے ملک بھر میں اس منصوبے کے خلاف سیاسی جماعتوں، بشمول حکومتی اتحادی پیپلز پارٹی، اور عوام کی جانب سے مسلسل احتجاج جاری ہے۔

ریلوے کے ایک افسر نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ آج صبح تقریباً 11:30 بجے خیرپور شہر کے علاقے میں ٹریک بند کیا گیا تھا، تاہم اب ٹریک کو کلیئر کر دیا گیا ہے اور ریلوے کی آمدورفت معمول پر آ گئی۔

سندھ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال قوم پرست جماعت جیئے سندھ قومی محاذ (بشیر) کی جانب سےدی گئی اور پارٹی کے سینئر نائب چیئرمین امجد مہیسر کی قیادت میں خیرپور میں ریلوے ٹریک پر احتجاج کیا گیا۔

امجد مہیسر نے ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو میں بتایا کہ لکمان ریلوے کراسنگ پر ٹریک تقریباً 3 گھنٹے تک پارٹی کارکنان نے میری قیادت میں بند رکھا اور احتجاج ریکارڈ کرنے کے بعد ٹریک کھول دیا گیا تھا۔

انہوں نے ہڑتال کو ’کامیاب‘ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ خیرپور شہر ’مکمل طور پر بند‘ رہا۔

اس سے قبل، آج سندھ بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کے دوران جامشورو، کوٹری، نوشہروفیروز، کندھ کوٹ، خیرپور، جیکب آباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کاروباری مراکز اور مارکیٹیں بند ہیں جب کہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی معمول سے کم رہی۔

خیر پور میں قوم پرست جماعتوں کے کارکنوں نے ریلوے ٹریک پر دھرنا دیا، دھرنےکے باعث اپ اور ڈاؤن ٹریکس کو بند کردیا تھا جب کہ مشتعل مظاہرین نےلاہور سے کراچی آنے والی عوام ایکسپریس کو روک لیا تھا۔

دوسری جانب، خیرپور میں ببرلو بائی پاس پر وکلا کی جانب سے گزشتہ 3 دنوں سے دھرنا دیا جارہا ہے، قومی شاہراہ پر جاری احتجاج میں وکلا کے ساتھ قوم پرست جماعتوں کے کارکن ،ادیب ، شعرا ، دانشور اور خواتین کی بڑی تعداد شریک ہیں۔

دریں اثنا، وکلا نے کشمور میں ڈیرہ موڑ پر این 55 شاہراہ پر دیا گیا دھرنا ختم کردیا، دھرنے کے باعث سندھ سے دیگر صوبوں کو جانے والی ٹریفک 2 روز تک بند رہیں۔

کارٹون

کارٹون : 28 اپریل 2025
کارٹون : 27 اپریل 2025