• KHI: Maghrib 7:00pm Isha 8:22pm
  • LHR: Maghrib 6:40pm Isha 8:08pm
  • ISB: Maghrib 6:49pm Isha 8:20pm
  • KHI: Maghrib 7:00pm Isha 8:22pm
  • LHR: Maghrib 6:40pm Isha 8:08pm
  • ISB: Maghrib 6:49pm Isha 8:20pm

متنازع کینال منصوبے کیخلاف سندھ بھر میں آج بھی احتجاج

شائع April 21, 2025
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے متنازع منصوبے کے خلاف سندھ کے مختلف علاقوں میں احتجاج آج بھی جاری رہا۔

ڈان نیوز کے مطابق خیرپور میں ببرلو بائی پاس پر وکلا کا نہروں کے خلاف دھرنا چوتھے روز میں داخل ہوگیا، جس میں کراچی سمیت سندھ بھر کے وکلا شامل تھے، احتجاجی دھرنے کے باعث سندھ اور پنجاب کے درمیان ٹریفک مکمل طور پر معطل اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی گئیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب، شاہراہ بند ہونے سے ٹریفک کی معطلی کے باعث سندھ اور پنجاب کے درمیان ہر طرح کے ساز و سامان کی آمدروفت بھی رک گئی۔

آج ببرلو بائی پاس احتجاجی دھرنے کے باعث چار دن سے پھنسے ٹرکوں، ٹریلروں کے ڈرائیور اور کلینرز نے حکومت پنجاب کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے لگائے اور وفاقی حکومت سے مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔

نہروں کے متنازع منصوبے کے خلاف حیدرآباد لیڈیز چیمبر آف کامرس نے بھی حیدرآباد پریس کلب کے باہر احتجاج کیا، جس میں خواتین نے پلےکارڈز اور بینراٹھا رکھے تھے، احتجاجی خواتین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی اور کہا کہ دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر سے سندھ بنجر ہوجائےگا لہٰذا یہ منصوبہ فوراً ترک کیا جائے۔

دریں اثنا متنازع کینال منصوبے کے خلاف موٹر وے ایم 9 کاٹھور پر قوم پرست جماعت نے احتجاج کیا جس کے باعث حیدرآباد سے کراچی جانے والی اہم شاہراہ بند ہوگئی، اس دوران قوم پرست جماعت کے کارکنان کی بڑی تعداد وفاقی حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ پر نہریں نہیں بننے دیں گے۔

دوسری جانب کندھ کوٹ میں انڈس ہائی وے پر گولا موڑ کے مقام پر آل پارٹیزموومنٹ اوروکلا برادری کی جانب سے پچھلے دس گھنٹوں سے، متنازع کینال منصوبے کے خلاف دھرنا جاری ہے۔

دھرنے کے باعث انڈس ہائی وے بند ہونے سے دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ کھانے پینےکی اشیاء لےجانے والی گاڑیوں میں پڑا سامان بھی خراب ہونے لگا۔

احتجاج ضرور کریں لیکن سڑکیں بند نہ کریں، شرجیل میمن کی اپیل

سندھ کے سینیئر وزیر و وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے متنازع کینال منصوبے کے خلاف احتجاج کرنے والے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام احتجاج ضرور کریں لیکن سڑکیں بند نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج سیاسی جماعتوں کا آئینی حق ہے لیکن احتجاج اس طرح کیا جائے کہ لوگوں کی جان و مال محفوظ رہے اور کسی قسم کی مشکلات یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

کارٹون

کارٹون : 28 اپریل 2025
کارٹون : 27 اپریل 2025