11 سال کی عمر میں ہیروئن بنی، شہرت، دولت دیکھی، آج تنہا ہوں، اداکارہ خوشبو
ماضی کی مقبول اور بولڈ فلمی ہیروئن خوشبو خان نے کہا ہے کہ وہ محض 11 سال کی عمر میں ہیروئن بن گئی تھیں، انہوں نے جن افراد کے لیے اپنا بچپن اور زندگی قربان کی، وہی انہیں تنہا چھوڑ گئے۔
خوشبو خان نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہیں ان کی والدہ شوبز میں لائی تھیں۔
ان کے مطابق ان کا اصل نام ’ثوبیہ‘ ہے لیکن بچپن میں ہی ان کا فلمی نام خوشبو رکھ دیا گیا تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں اداکاری کا شوق نہیں تھا، وہ پڑھ لکھ کر استانی بننا چاہتی تھیں لیکن والدہ انہیں شوبز میں لائیں اور پھر ایک کے بعد ایک ڈرامے اور فلم میں پیش کش کی وجہ سے وہ تعلیم مکمل نہ کر سکیں اور محض 11 سال کی عمر میں ہیروئن بنیں۔
خوشبو خان کے مطابق وہ تھیٹر اور ڈراموں میں بھی کام نہیں کرنا چاہتی تھیں لیکن انہیں اپنے خاندان کو پالنا تھا، اس لیے وہ کام کرتی رہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے خاندان میں سب سے کم عمر تھیں لیکن وہ گھر چلاتی تھیں، ان کی کمائی سے ان کے بہن بھائی، ان کی خالاؤں کے بیٹے اور دیگر افراد بھی پلے، وہ محنت کرتی رہیں۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ جن اہل خانہ کے لیے انہوں نے اپنا بچپن برباد کیا، جن کے لیے کماتی رہیں، وہ ہی آج انہیں تنہا چھوڑ گئے ہیں، سب اپنے اپنے خاندان کے ساتھ سیٹ ہیں، وہ تنہا ہیں۔
خوشبو خان کا کہنا تھا کہ ان کے والدین انتقال کر چکے ہیں جب کہ ان کے ایک بھائی بھی فوت ہوچکے ہیں، باقی اپنی اپنی زندگیوں میں مصروف ہیں اور وہ تنہا بچوں کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں کیریئر میں بہت سارے دھوکے ملے، انہیں رشتے داروں نے، ساتھی اداکاروں نے، دشمن اداکاروں نے اور اپنے انتہائی قریبی دوستوں نے بھی دھوکے دیے۔
انہوں نے یہ بھی شکوہ کیا کہ انہوں نے جن سے انتہا کی حد تک محبت کی، جن کی عبادت اور پوجا کی، انہوں نے بھی انہیں دھوکہ دیا۔
خوشبو خان کا کہنا تھا پیار، محبت اور خلوص کو پیسے سے بھی نہیں خریدا جا سکتا، انہوں نے یہ زندگی سے سیکھ لیا۔
انہوں نے شوہر ارباز خان کا ذکر کیے بغیر کہا کہ وہ اپنے دو بچوں سمیت پانچ افراد کے ساتھ گھر میں رہتی ہیں۔
خوشبو خان نے محبت میں دھوکے ملنے کا ذکر بھی کیا لیکن یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں کس نے دھوکہ دیا، انہوں نے شوہر کا ذکر بھی نہیں کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کیریئر کے دوران دولت، چمک، شہرت اور بہت سارے لوگوں کا ساتھ بھی دیکھا لیکن پھر وہ تنہا بھی ہوئیں، جس وجہ سے وہ ڈپریشن کا شکار بھی ہوئیں، کئی ماہ تک وہ تنہا کمرے میں بند رہتی تھیں لیکن اب ان کا ڈپریشن ختم ہوچکا ہے۔
خوشبو خان نے بتایا کہ جب انہوں نے اپنا بوتیک کھولا تب ان کے 100 ملازمین ہوتے تھے اور پورا خاندان مل کر رات کا کھانا کھاتا تھا، اب ایسا نہیں ہوتا، ہر کوئی چلا گیا، وہ گھر میں پانچ افراد کے ساتھ تنہا ہوتی ہیں۔