• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

آسٹریلیا پھر بڑے اسکور کے دفاع میں ناکام، ہندوستان کامیاب

شائع October 30, 2013

ناقابل شکست سنچری اسکور کرنے والے ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔ فائل فوٹو اے ایف پی

ناگپور: ویرات کوہلی اور شیکھر دھون کی شاندار سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کو چھٹے ایک روزہ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سات میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔

بدھ کو ناگپور میں کھیلے گئے سیریز کے چھٹے ایک روزہ میچ میں ہندوستانی قائد مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا تو 45 کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کی دو وکٹیں گر گئیں۔

فلیپ ہیوز 13 اور ایرون فنچ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس موقع پر شین واٹسن نے کپتان جارج بیلی کے ساتھ مل کر انتہائی شاندار اور ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 168 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 213 تک پہنچا دیا۔

یہ پارٹنر شپ ہندوستان کے لیے خطرہ بن گئی تھی کہ اس موقع پر محمد شامی نے شین واٹسن کو کلین بولڈ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، وہ 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ تھوڑی ہی دیر بعد گلین میکسویل 9 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اس کے بعد ایڈم ووجز نے جارج بیلی کا ساتھ دیا، بیلی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 156 رنز کی اپنے کیریئر کی بہترین اننگ کھیلی، ان کی اننگز میں 6 شاندار چھکے اور 13 چوکے شامل تھے۔

بیلی 156 رنز بنا کر جدیجا کی گیند کا نشانہ بنے، مچل جانسن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 350 رنز بنائے، ایڈم ووجز 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ہندوستان کی جانب سے رویندرا جدیجا اور روی چندرن ایشون نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہندوستانی ٹیم ہدف کے تعاقب کے لیے جب میدان میں اتری تو روہت شرما اور شیکھر دھون نے ٹیم کو 178 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا۔

اس موقع پر ایرون فنچ نے روہت شرما کی اننگ کا خاتمہ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، شرما 79 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے اینڈ پر موجود دھون نے نئے بلے باز ویرات کوہلی کے ساتھ مل کر اسکور آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اس دوران اپنی سنچری بھی مکمل کر لی۔

ہندوستان کو دوسرا نقصان 234 کے مجموعے پر اس وقت اٹھانا پرا جب دھون شاندار سنچری مکمل کرنے کے بعد جیمز فالکنر کا نشانہ بنے۔

سریش رائنا اور کوہلی نے تیسری وکٹ کے لیے 56 رنز جوڑ کر ہندوستانی ٹیم کو ایک اور اچھی شراکت دی، 290 کے سکور پر سریش رائنا 16 رنز بنا کر مچل جانسن کا نشانہ بنے۔

اس موقع پر ہندوستانی ٹیم کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب مایہ ناز بلے باز یوراج سنگھ بغیر کوئی رن بنائے مچل جانسن کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

تاہم یہ نقصان ہندوستان کی ہدف کی جانب کامیاب پیش قدمی روکنے میں ناکام رہا اور کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کوہلی کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 61 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

مین آف دی میچ کوہلی 115 اور دھونی 25 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

یاد رہے کہ یہ سیریز میں دوسرا موقع ہے جب آسٹریلیا نے ہندوستان کو 350 سے زائد رنز کا ہدف دیا اور دونوں ہی مواقعوں پر اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس سے قبل سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے ساڑھے تین سو رنز سے زائد کا مجموعہ اسکوربورڈ کی زینت بنایا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا ساتواں اور آخری ایک روزہ میچ 2 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024