پاکستان

کراچی کی حلقہ بندیاں سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج

فاروق ستار نے حلقہ بندیوں کو آئین کے خلاف قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ سیاسی مقاصد کے لیئےغلط حلقہ بندیاں کی گئیں ۔

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) نے کراچی میں ہونے والی نئی حلقہ بندیوں کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کے جنوبی اور مشرقی اضلاع میں نئی حلقہ بندیوں کے خلاف پٹیشن ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے بدھ کے روز بیرسٹر فروغ نسیم کے ہمراہ دائر کی۔

ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے نئی حلقہ بندیوں کو آئین کے خلاف قرار دیا اور کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیئےغلط حلقہ بندیاں کی گئیں ۔

انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کو یونین کمیٹی کا درجہ دیا گیا ہے۔ ان کی تجویز تھی کہ یونین کونسل یکساں آبادی کی تقسیم پر مشتمل ہونی چاہئے۔

ستار کا کہنا تھا بعض حلقوں میں دوسروں کے مقابلے میں زیادہ نمائندگی دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ بلدیاتی انتخابات سندھ حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان کراچی کے جنوبی اور مشرقی اضلاع میں حلقہ بندیوں کے معاملے پر تنازعے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو گئے تھے۔

الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) کی طرف سے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان انتیس نومبر کو متوقع تھا لیکن سندھ حکومت کمیشن کی طرف سے اٹھائیس نومبر تک دی گئی ڈیڈ لائن تک بلدیاتی انتخابات سے متعلق قواعد وضوابط اور حلقہ بندیوں کے نوٹیفکیشن فراہم کرنے میں ناکام رہی تھی۔

کمیشن اب سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان گیارہ دسمبر کو کرے گا۔