الطاف حسین کی اسلام آباد میں دھرنے ملتوی کرنے کی اپیل
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک سیلاب متاثرین کے لیے دھرنے ملتوی کر دیں۔
کراچی :متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) قائد الطاف حسین نے اسلام آباد میں حکومت کے خلاف جاری دھرنے ملتوی کرنے کی اپیل کی ہے۔
الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) سیلاب متاثرین کے لیے دھرنے ملتوی کر دیں۔
الطاف حسین کا مزید کہنا تھا کہ دھرنے دینے والی جماعتوں سے اپیل ہے کہ دوبارہ مذاکرات شروع کریں، افہام وتفہیم سے ایسا حل نکالا جائے جو سب کے لیے قابل قبول ہو۔
ایم کیو ایم کے سربراہ نے کہا کہ حکومت نے صبر سے معاملات چلائے ہیں اسل لیے اس کی تعریف کرتا ہوں، حکومت نے جہاں اتنا صبر سے کام لیا ہے تو وہاں وہ مزید تھوڑا صبر کر لے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔