کھیل

وارم اپ میچ:پاکستان کی بنگلہ دیش کو شکست

بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 342 رنز کا ہدف دیا جس کو پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان نے نوجوان کھلاڑی فہیم اشرف اور شعیب ملک کی ذمہ دارانہ بلےبازی کی بدولت چیمپئینز ٹرافی کے پہلے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تمیم اقبال کی شاندار سنچری کی بدولت 342 رنز کا ہدف دے دیا۔

بنگلہ دیش کے تجربہ کار بلے باز تمیم اقبال نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں سومیا سرکار کے ساتھ 27 رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد امرالقیس کے ساتھ طویل شراکت میں اپنی ٹیم کی پوزیشن کو بہترین بناتے ہوئے مجموعی اسکور کو 169 رنز تک لے آئے۔

امرالقیس 61 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد کپتان مشفق الرحیم نے وکٹ سنبھال لی اور 46 رنز کی انفرادی اننگز میں ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔

تمیم اقبال آوٹ ہونے والے تیسرے بلے باز تھے جس نے سب سے زیادہ 102 رنز بنائے۔

تمیم اقبال وارم اپ میچ میں 102 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے—فوٹو:آئی سی سی

محموداللہ 29، مصدق حسین 26 اور شکیب الحسن 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں، حسن علی اور شاداب خان کے حصے میں 2،2 وکٹیں آئیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اپنے بیٹنگ کا آغاز کیا تو سابق کپتان اظہرعلی صرف 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے فوری بعد بابراعظم بھی آوٹ ہوگئے تاہم احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے اسکور کو 78 رنز تک پہنچایا۔

احمد شہزاد نے 44 رنز بنا کر لوٹے، محمد حفیظ اور شعیب ملک اسکورکو 157 تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے تھے تو محمد حفیظ 49 رنز بنا کر شفیع الاسلام کا شکار بنے جبکہ کپتان سرفرازاحمد صرف 5 رنز بنا پائے۔

شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عماد وسیم کے ساتھ اچھی شراکت بنائی مگر مہدی حسن میراز نے 72رنز بنانے والے شعیب ملک کو آوٹ کرکے پاکستان کو مشکلات سے دوچار کردیا۔

عماد وسیم 45 اور شاداب خان 7 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 249 رنز تھا تاہم نئے کھلاڑی فہیم اشرف نے ذمہ داری کا شاندار انداز میں نبھاتے ہوئے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی اور پاکستان کو جیت سے ہم کنار کردیا۔

پاکستان نے مقررہ ہدف آخری اوور کی تیسری گیند پر 342 رنز بنا کر بنگلہ دیش کے خلاف وارم اپ میچ میں دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔

فہیم اشرف نے ناقابل شکست 64 اور حسن علی نے 27 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں اپنا پہلا وارم اپ میچ کھیل رہے ہیں جس میں بنگلہ دیش کی جانب سے 13 جبکہ پاکستان کی جانب سے 15 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے آٹھویں ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز یکم جون کو میزبان انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ سے ہوگا جو 18 جون تک جاری رہے گا جس میں کل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔

اس ٹورنامنٹ میں انگلینڈ، پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

چیمپیئنز ٹرافی کے سلسلے میں پاکستان اپنا پہلا میچ بھارت کے خلاف 4 جون کو برمنگھم میں کھیلے گا۔

گذشتہ روز پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے بھارت کے ساتھ ہونے والے میچ کو پاکستان کے لیے سب سے اہم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ سے قبل پاکستان ٹیم کی توجہ وارم اپ میچوں میں متحد ہوکر کھیلنے اور بہترین کارکردگی دکھانے دینے پر مرکوز ہے۔

پاکستان کے گروپ میں بھارت کے علاوہ سری لنکا اور جنوبی افریقہ بھی شامل ہیں۔

پاکستان 7 جون کو برمنگھم ہی کے میدان میں جنوبی افریقہ کا مدمقابل ہوگا جبکہ سری لنکا کے خلاف پاکستان کا میچ 12 جون کو کارڈف میں ہوگا۔

سیمی فائنل میں با آسانی رسائی کے لیے پاکستان کو 3 میں سے کم از کم 2 میچوں میں جیتنا لازم ہوگا۔