گلیڈی ایٹرز کو شکست، کراچی کنگز پہلے میچ میں کامیاب
پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 19 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی ہے۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔
کراچی کنگز کو اوپنرز نے 34 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس پارٹنرشپ کا خاتمہ اس وقت ہوا جب خرم منظور کی جانب سے کھیلے گئے شاٹ پر گیند باؤلر کے ہاتھوں کو چھوتی ہوئی وکٹوں سے جا ٹکرائی اور دوسرے اینڈ پر موجود جو ڈینلی آؤٹ قرار پائے۔
بابر اعظم کوئی خاص چھوڑنے میں ناکام رہے اور صرف 10 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ خرم منظور کی 39 گیندوں پر 35 رنز کی سست رفتار اننگز کا خاتمہ انور علی کے ہاتھوں ہوا۔
جنوبی افریقہ سے آئے کولن انگرام جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 21 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی لیکن امپائر کے متنازع فیصلے نے ان کی اننگز کے آگے بھی فل اسٹاپ لگا دیا جبکہ اگلے ہی اوور میں انور علی نے روی بوپارہ کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
نئے کپتان عماد وسیم بھی بطور قائد اپنی پہلی اننگز میں ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف دو رنز بنانے کے بعد جوفرا آرچر کی وکٹ بن گئے۔
اختتامی اوورز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز نے عمدہ اور نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا جس کے سبب کراچی کنگز بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور مقررہ اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ انور علی اور جوفرا آرچر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات سے دوچار رہی اور کوئی بھی بلے باز ڈٹ کر کراچی کنگز کی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا۔
15 رنز پر شین واٹسن، اسد شفیق اور کیون پیٹرسن جیسے اہم کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد عمر امین اور رلی روسو نے 30 رنز جوڑ کر اسکور کو 45 تک پہنچایا لیکن بڑھتے رن ریٹ کے سبب دونوں بلے بازوں پر دباؤ بڑھتا رہا اور روسو 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان سرفراز احمد بھی مشکلات میں بھری ٹیم کیلئے کچھ نہ کر سکے اور سات رنز بنانے والے بلے باز شاہد آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔
عمر امین نے 31 اور محمد نواز 30 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی لیکن ان کی یہ کاوش بھی ناکافی ثابت ہوئی اور گلیڈی ایٹرز مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز ہی بنا سکے اور یوں کراچی کنگز نے میچ میں 19 رنز سے فتح حاصل کر کے ایونٹ کا کامیاب انداز میں آغاز کیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے کپتان عماد وسیم اور ٹائمل ملز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
کولن انگرام کو جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے کھیلتے ہوئے اچھا اسکور بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دونوں ہی ٹیموں کی بیٹنگ لائن کافی مضبوط تصور کی جارہی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پاکستانی ٹیم کے ہیرو اور پاکستان کو چمپئن ٹرافی جیتانے والے کپتان سرفراز احمد، مایہ ناز بلے باز کیون پیٹرسن اور شین واٹسن کی خدمات حاصل ہیں۔
کراچی کنگز کی بات کی جائے تو اس میں بھی بڑے نام شامل ہیں اور بوم بوم آفریدی اس ٹیم میں چار چاند لگانے آگئے ہیں، ان کے علاوہ ٹیم کے کپتان عماد وسیم، بابر اعظم، روی بوپارا اور ای اون مورگن بھی کراچی کنگز کی ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں۔