کلدیپ پہلی مرتبہ بھارتی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل، روہت ڈراپ
نئی دہلی: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ انگلینڈ کے خلاف شیڈول پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ابتدائی تین میچوں کے لیے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔
انگلینڈ اور بھارت کے درمیان 5 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز یکم اگست سے ہو گا جس کے لیے ون ڈے کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے روہت شرما کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔
روہت شرما ایک عرصے سے ٹیسٹ ٹیم میں متاثر کن کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے انیہں ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
تاہم ون ڈے کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے ذریعے اسپنر کلدیپ یادو پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
فاسٹ باؤلر جسپریت بمرا کو انجری مسائل کے باوجود اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے مگر ان کی شرکت فٹنس سے مشروط ہو گی۔
انگلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں کمر کی تکلیف کا شکار ہونے والے فاسٹ باؤلر بھوونیشور کمار کی فٹنس مسائل کے باعث ٹیسٹ سیریز میں شرکت مشکوک ہوگئی۔
بھارتی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھوونیشور کمار نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے کے دوران کمر کے نچلے حصے میں درد کی شکایت کی تھی جس کے بعد ڈاکٹرز ان کی انجری کا جائزہ لے رہے ہیں اور جلد ہی ان کی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں دستیابی کے بارے میں معلوم ہوگا۔
اعلان کردہ اسکواڈ کپتان ویرات کوہلی، نائب کپتان اجنکیا راہانے، شیکھر دھاون، لوکیش راہُل، مرلی وجے، چتیشور پجارا، کرن نائر، دنیش کارتھک، ریشابھ پانٹ، روی چندرن ایشون، رویندرا جدیجا، کلدیپ یادو، ہردک پانڈیا، ایشانت شرما، محمد شامی، اُمیش یادو، جسپریت بمرا اور شردل ٹھاکر پر مشتمل ہے۔