ایشیا کپ 2018 کے فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو شکست دے کر ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کر کے ایک مرتبہ پھر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
دبئی میں 24ہزار سے زائد تماشائیوں کے سامنے بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے اوپنرز لٹن داس اور مہدی حسن نے بالکل درست ثابت کردیا۔
دونوں اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 120رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا خصوصاً لٹن داس نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے تمام انڈین باؤلرز کی خوب خبر لی۔
تاہم اس موقع پر روہت شرما اپنے ٹرمپ کارڈ اور پارٹ ٹائم آف اسپنر کیدار جادھو کو باؤلنگ پر لائے جنہوں نے پہلے ہی اوور میں وکٹ لے کر کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کردیا۔
اس موقع پر اسپنرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت بھارتی ٹیم نے میچ میں شاندار انداز میں واپسی کی اور 151 کے مجموعے تک آدھی بنگلہ دیشی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
مہدی حسن 32، امرالقیس دو، مشفیق الرحیم پانچ، محمد متھن دو اور محموداللہ چار رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
دوسرے اینڈ پر موجود لٹن داس نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری مکمل کی اور سومیا سرکار کے ہمراہ 37رنز جوڑ کر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن کلدیپ یادو کی گیند پر اسٹمپ کے متنازع فیصلے نے لٹن کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔