کھیل

پاکستان اے کے خلاف لایون کی تباہ کن باؤلنگ، عابد ڈٹ گئے

پاکستان اے نے عابد علی عمدہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کے خلاف چار روزہ میچ کے پہلے دن اپنی پوزیشن مستحکم کر لی۔

پاکستان اے کے خلاف پریکٹس میچ میں آسٹریلین اسپنر نیتھن لایون نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے قومی ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے جبکہ عابد علی کی عمدہ اننگز کی بدولت پاکستان اے ٹیم نے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں پاکستان اے کے کپتان اسد شفیق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 24کے مجموعے پر اوپنر شان مسعود پویلین لوٹ گئے۔

مزید پڑھیں: سرفراز کی قیادت کو خطرہ نہیں، وہی کپتان رہیں گے، انضمام

اس کے بعد سمیع اسلم کا ساتھ دینے عابد علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 82رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی البتہ لایون نے ایک مرتبہ پھر آسٹریلیا کو کامیابی دلاتے ہوئے 51 رنز بنانے والے سمیع اسلم کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اسد شفیق کچھ خاص تاثر چھوڑنے میں ناکام رہے اور صرف رنز بنانے کے بعد جون ہولینڈ کی وکٹ بنے جبکہ افتخار احمد چار اور عثمان صلاح الدین صرف ایک رن بنا کر لایون کو وکٹ دے بیٹھے۔

149رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد عابد کا ساتھ دینے سعد علی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لیے 75رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا، سعد 36رنز بنانے کے بعد لایون کی اننگز میں پانچویں وکٹ بنے۔

جب چار روزہ میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان اے نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 247رنز بنائے تھے، عابد 83رنز کی شاندار اننگز کھیل کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ محمد رضوان 13رنز بنا کر ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان، عامر ڈراپ

آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لایون نے پانچ وکٹیں لے کر ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے جبکہ ہولینڈ نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ سات اکتوبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔