کھیل

اسد عمر کا قومی ٹیم پر طنز، محمد عامر کا سابق وزیر کے نام پیغام

اسد عمر نے قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے قومی ٹیم پر طنز کیا جس پر فاسٹ باؤلر نے سابق وزیر کو آئینہ دکھا دیا۔

سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے عید کی مبارکباد کی ٹوئٹ میں قومی ٹیم پر طنز کرنا قومی کرکٹر محمد عامر کو پسند نہ آیا اور انہوں نے موجودہ حکومت کے سابق وزیر کو آئینہ دکھا دیا۔

بدھ کو عیدالفطر کے موقع پر سابق وزیر خزانہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے قوم کو عید کی مبارکباد دی لیکن ساتھ ساتھ قومی ٹیم پر طنز کرنا نہ بھولے۔

مزید پڑھیں: سر پر گیند لگنے کا مسئلہ، آئی سی سی کا نیا انقلابی قانون لانے کا فیصلہ

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمام مسلمانوں کو عید مبارک. اللہ سب کی رمضان کی عبادت کو قبول کرے اور پاکستان کرکٹ ٹیم سے خصوصی درخواست ہے کہ اس خوشی کے ماحول کو کم سے کم چند دن ایسا ہی رہنے دے۔

تاہم قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کو سابق وزیر کا یہ انداز پسند نہ آیا اور انہوں نے وفاقی وزیر کی ٹوئٹ کا اسی انداز میں جواب دیا۔

عامر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ جی سر ہم پوری کوشش کریں گے، آپ لوگ بھی ایسے کام کرنا کہ پورا پاکستان ہمیشہ خوش رہے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم نے ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد ایونٹ میں شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے میزبان اور فیورٹ انگلینڈ کو شکست دی تھی۔

اب عیدالفطر کے تیسرے جمعہ کو پاکستانی ٹیم برسٹل میں سری لنکن ٹیم کے مدمقابل ہو گی۔