کھیل

اگر ورلڈ کپ سیمی فائنل بھی بارش کی نذر ہو گیا تو پھر کیا ہو گا؟

نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان شیڈول ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل مقابلے کے بارش سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل کل نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان مانچسٹر میں کھیلا جائے گا جس کے بارش سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

شائقین کرکٹ کو مانچسٹر میں شیڈول ورلڈ کپ سیمی فائنل کا شدت سے انتظار ہے لیکن عالمی کپ کے اس اہم میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 4 میچ بارش کے سبب متاثر ہوئے اور موسم کی پیشگوئی کو دیکھتے ہوئے اب سیمی فائنل میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا راؤنڈ میچ بھی بارش کی نذر ہوا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا۔

تاہم خوش آئند امر یہ ہے کہ راؤنڈ میچز کے برعکس سیمی فائنل اور فائنل کے بارش سے متاثر ہونے کی صورت میں متبادل دن رکھا گیا ہے۔

اگر بارش کے سبب میچ کل نہیں کھیلا جاتا تو 10 جولائی کو ریزرو ڈے پر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہو گا تاہم اگر متبادل دن پر بھی میچ کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا تو راؤنڈ میچز میں زیادہ پوائنٹس کی بدولت بھارتی ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔

اگر سیمی فائنل اور فائنل میچز ٹائی ہوئے تو میچ کا فیصلہ سپر اوور کے ذریعے کیا جائے گا۔