کھیل

لیچ کی 92رنز کی اننگز کے باوجود انگلینڈ کی ٹیم مشکلات کا شکار

انگلینڈ کی ٹیم آئرلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 9وکٹیں گنواچکی ہے اور اسے صرف 181رنز کی برتری حاصل ہے۔

جیک لیچ کی 92رنز کی اننگز کے باوجود انگلینڈ کی ٹیم آئرلینڈ کے خلاف پہلے اور واحد ٹیسٹ میچ میں مشکلات سے دوچار ہے اور دوسری اننگز میں بھی 303رنز پر 9 وکٹیں گنوا چکی ہے۔

لارڈز میں کھیلے جا رہے سیریز کے واحد ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے 122 رنز کے خسارے کے ساتھ اپنی دوسری نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو رورے برنز صرف 6 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

26 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد جیک لیچ کا ساتھ دینے جیسن روئے آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو خسارے سے نکالنے میں اہم کردار کیا۔

دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 145رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا تاہم اس کے بعد دونوں کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے، لیچ نے 92 اور روئے نے 72رنز بنائے۔

جو ڈینلی وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں پویلین لوٹ گئے جبکہ جونی بیئراسٹو پہلی اننگز کی طرح دوسری باری میں بھی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

جو روٹ اور معین علی نے اپنی ٹیم کی سنچری ڈبل سنچری مکمل کرائی لیکن معین علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر قیام نہ کر سکے اور صرف 9رنز بنا سکے جبکہ کپتان جو روٹ نے 31رنز بنائے۔

248رنز پر کرس ووکس آؤٹ ہوئے انگلینڈ کی ٹیم 8وکٹیں گنوا چکی تھی اور ایسا لگتا تھا کہ جلد ہی ٹیم کی بساط لپٹ جائے گی لیکن اس مرحلے پر سیم کرن اور اسٹورٹ براڈ کی جوڑی وکٹ پر ڈٹ گئی۔

دونوں کھلاڑیوں نے نویں وکٹ کے لیے 45رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی برتری کو مستحکم کیا البتہ 37کے مجموعی اسکور پر کرن 37رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

جب میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 303رنز بنائے تھے اور اسے آئرلینڈ کے خلاف مجموعی طور پر 181رنز کی برتری حاصل ہے۔

آئرلینڈ کی جانب سے مارک ایڈیئر تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ رینکن اور تھامپسن نے دو، دو وکٹیں لیں۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 85رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی جس کے جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم بھی میچ کے پہلے دن 207رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔