خراب وکٹ کے سبب ویسٹرن آسٹریلیا اور وکٹوریہ کے درمیان پہلے دن کا کھیل منسوخ
آسٹریلیا کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ شیفلڈ شیلڈ میں وکٹویہ اور ویسٹرن آسٹریلیا کے درمیان میچ کے پہلے دن کے کھیل کو خراب وکٹ کے باعث منسوخ کردیا گیا۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کی وکٹ کا رویہ دن کے آغاز سے ہی انتہائی خطرناک رہا جہاں بلے بازوں کو کئی مرتبہ گیند لگی اور وہ زخمی بھی ہوئے۔
بالآخر 40ویں اوور میں امپائرز فلپ گلیسپی اور جیوف جوشوا نے دن کا کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا، اس وقت ویسٹرن آسٹریلیا نے 3وکٹ کے نقصان پر 89رنز بنائے تھے۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی نے میلبرن کی وکٹ کو ناقص قرار دے دیا
دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا وکٹ کی حالت میچ جاری رکھنے کے لیے مناسب نہیں جس کے بعد کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ویسٹرن آسٹریلیا کے کپتان نے کہا کہ میرے کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے اور وکٹ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہم گراؤنڈ میں کھیل کے لیے واپس نہیں جا سکتے، ہم کل وکٹ کا معائنہ کرنے کے بعد کھیلنے کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔
یاد رہے کہ چند ہفتوں بعد اسی میدان پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ شیڈول ہے البتہ وہ میچ مذکورہ وکٹ کے برابر والی پچ پر کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: میلبرن کی تاریخ کا کامیاب ترین اسپیل
گزشتہ چند سالوں کے دوران میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کی وکٹ موضوع بحث رہی ہے جہاں 18-2017 کی ایشز سیریز کے دوران بے جان وکٹ بنانے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس وکٹ کو 'خراب' ریٹنگ دی تھی۔
گزشتہ سال بھارت بھارت کے خلاف میچ میں بھی اس وکٹ کو اوسط درجے کی قرار دیا گیا تھا لیکن بھارت نے میچ میں باآسانی آسٹریلیا کو شکست دے دی تھی۔