پاکستان

کورونا وائرس: سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں مزید کیسز سے ملک میں 495 افراد متاثر

وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ میں پہلی ہلاکت بھی سامنے آئی اور 77 سالہ شخص کی موت واقع ہوئی۔
| |

ملک میں تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس سے اموات کا سلسلہ نہ رک سکا اور وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ میں پہلی ہلاکت سامنے آئی ہے جبکہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں مزید نئے کیسز آنے سے ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 495 ہوگئی ہے۔

ہلاک ہونے والا مریض کراچی کا رہائشی تھا اور اسے مختلف بیماریاں بھی لاحق تھیں تاہم مریض کی کوئی سفری تاریخ موجود نہیں تھی۔

اس حوالے سے سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بذریعہ ویڈیو پیغام تصدیق کی کہ سندھ میں ایک 77 سالہ شخص کی کورونا وائرس کی وجہ سے موت واقع ہوئی۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایک نجی ہسپتال میں ایک موت ہوئی ہے اور 77 سالہ مریض کو مزید بیماریاں بھی لاحق تھیں۔

ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ مریض کو کینسر، ذیابیطس اور فشار خون (بلڈ پریشر) کی شکایت بھی تھی جس کی وجہ سے ان کی طبیعت بہت ناساز تھی، لہٰذا جب انہیں کورونا وائرس ہوا تو ان کی موت اس سے واقع ہوگئی۔

علاوہ ازیں محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کور آرڈینٹر میران یوسف کا کہنا تھا کہ مریض کراچی کا رہائشی تھا اور ان کی کوئی سفری یا رابطے کی تفصیلات نہیں ملیں۔

محکمہ صحت سندھ کی تصحیح

علاوہ ازیں انہوں نے صوبے میں مریضوں کی تعداد میں تصحیح کی اور گزشتہ روز بتائے گئے 245 افراد کی جگہ نئی تعداد 238 بتائی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کچھ ٹیسٹ دو مرتبہ ہونے کی وجہ سے تعداد میں فرق آیا، تاہم اصل تعداد اس وقت 238 ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں موجود 238 افراد میں سے 87 افراد سکھر کے علاوہ صوبے میں متاثر ہیں، جس میں سے 3 صحت یاب اور ایک ہلاک ہوچکا ہے اور 83 زیر علاج ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ سکھر آنے والے زائرین میں سے 302 افراد کا ٹیسٹ لیا گیا جس میں 151 ٹیسٹ مثبت جبکہ اتنے ہی ٹیسٹ منفی آئے۔

سندھ میں مزید 14 کیسز کی تصدیق

سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 11 کیسز سامنے آگئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کی ترجمان نے ان کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نئے کیسز کے اضافے کے بعد صوبے بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 249 ہوگئی ہے۔

بعد ازاں ترجمان نے کہا کہ کراچی میں مزید 3 کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد سندھ میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 252 ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سامنے آنے والے 101 کیسز میں سے 61 مقامی طور پر منتقل ہوئے۔

پنجاب میں مزید کیسز سے مریضوں کی تعداد 96 ہوگئی

علاوہ ازیں ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر قیصر آصف نے بتایا کہ صوبے میں مزید 16 کیسز کی تصدیق کی اور بتایا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 96 ہوگئی ہے۔

انہوں نے مریضوں کے بارے میں مزید بتایا کہ ان میں 71 زائرین ہیں جبکہ باقی 15 کا تعلق لاہور، 2 کا ملتان، 3 کا مظفر گڑھ، ایک کا راولپنڈی، 3 کا گجرات اور ایک کا جہلم سے ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام مصدقہ مریض آئیسولیشن وارڈز میں داخل ہیں اور انہیں طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔

مزید برآں ان کا کہنا تھا کہ اب تک صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں 528 مشتبہ مریضوں کے لیب ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، جس میں 409 ٹیسٹ منفی آئے جبکہ 23 کے نتائج آنا باقی ہے۔

قبل ازیں صبح سویرے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 2 مریضوں کی تصدیق کی گئی تھی اور صوبے کے پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان نے بتایا تھا کہ تعداد 80 ہوئی۔

بلوچستان میں مزید 11 کیسز سامنے آگئے

بلوچستان ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 92 ہوگئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں کورونا کے مزید 11 کیسز سامنے آئے ہیں، بلوچستان میں مجموعی طور پر 993 افراد کی اسکریننگ کی جاچکی ہے۔


پاکستان میں کورونا وائرس

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔

بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے یہ تصحیح کی گئی تھی 'غلط فہمی' کے باعث ایک مریض کا 2 مرتبہ اندراج ہونے کے باعث غلطی سے تعداد 15 بتائی گئی تھی تاہم اصل تعداد 14 ہے، اس تصحیح کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 10 مارچ تک 18 ریکارڈ کی گئی۔


کیا امریکا میں کورونا وائرس کا علاج کلوروکوئن دوا سے ہورہا ہے؟

اسلام آباد ہائی کورٹ کا اڈیالہ جیل سے معمولی جرائم والے قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم

خیبرپختونخوا: متاثرہ مریضوں سے رابطہ کرنیوالے 3 ڈاکٹرز قرنطینہ منتقل