پاکستان

فیروز سنز لیبارٹریز کے کورونا کی دوا ’ریمڈیسیور‘ بنانے کے لیے مذاکرات

پیداوار کے آغاز کے بعد پاکستان میں مریضوں کو دینے کے لیے دوا وافر مقدار میں موجود ہوگی، فیروز سنز لیبارٹریز
|

کراچی: فیروز سننز لیبارٹریز نے اعلان کیا ہے کہ اس کی ذیلی کمپنی بی ایف بائیو سائنسز لمیٹڈ (بی ایف بی ایل) ریمڈیسیور کی پیداوار اور پاکستان سمیت 126 ممالک کو فروخت کے لیے گیلیڈ سائنسز انکارپوریشن کے ساتھ لائسنس معاہدے پر مذاکرات کر رہی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فیروز سنز نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایک نوٹس میں بتایا کہ ‘اس وقت کسی کے بھی سرمایہ کاری کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے‘۔

پیر کے روز تجارت کے دوران فیروز سنز کے حصص میں تیزی دیکھی گئی جس کی وجہ سرمایہ کاروں کی اس کے حصص میں دلچسپی رہی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ دیگر دوا ساز کمپنیوں کے حصص میں بھی تیزی آئی۔

مزید پڑھیں: کورونا مریضوں پر بہتر نتائج دینے والی دوا کی پاکستان و بھارت میں تیاری کیلئے بات چیت کا آغاز

فیروز سنز لیارٹریز نے اپنے نوٹس میں کہا کہ ’گیلیڈ اور بی ایف بی ایل کے درمیان اگر کوئی معاہدہ ہوا، ایک مرتبہ پیداوار کا آغاز ہوجائے تو ہمیں یقین ہے کہ ہمارے پاس پاکستان میں مریضوں کو دینے کے لیے وافر مقدار موجود ہوگی‘۔

اس کے ساتھ ایک انتباہی نوٹ بھی شامل تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ’تاہم اس وقت صورتحال غیر یقینی ہے کیونکہ معاہدہ ہونا اب بھی باقی ہے جس کے بعد مقامی ریگولیٹری منظوری اور دوا بنانے کے لیے ایکٹو فارماسیوٹیکل اجزا حاصل کرنا ہوں گی‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی دوا ساز کمپنی گیلیڈ سائنسز نے کہا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے مریضوں پر بہتر نتائج فراہم کرنے والی دوا 'ریمڈیسیور' کی پیداوار شروع کرنے کے لیے پاکستان اور بھارت میں ادویات کی کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جاپان نے کورونا مریضوں کے علاج کیلئے 'ریمڈیسیور' دوا کے استعمال کی منظوری دے دی

ریمیڈیسور جو پہلے ایبولا کے علاج میں ناکام رہی تھی، اسے ایسے تیار کیا گیا ہے جو متاثرہ خلیوں کے اندر کچھ وائرسز کی بننے والی نقل کو غیر فعال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

جاپان نے کووڈ 19 کے علاج کے لیے گیلیڈ سائنسز کی کورونا وائرس کے مریضوں پر بہتر نتائج فراہم کرنے والی دوا 'ریمڈیسیور' کے استعمال کی اجازت دی تھی۔

اس کے ساتھ ہی یہ دوا کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ملک کی سرکاری سطح پر تصدیق شدہ پہلی دوا بن گئی تھی۔

ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی مارکیٹوں کو سیل کردیا جائے، چیئرمین کراچی تاجر اتحاد

دوا سازوں نے بھارت سے خام مال کی پابندی پر نقصان سے خبردار کردیا

ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں سے مسلمانوں کو تکلیف ہوئی، سروے