کھیل

100 دن کے لاک ڈاؤن کے بعد انگلش پریمیئر لیگ کا آغاز

کورونا وائرس کے باعث انگلش پریمیئر لیگ کئی ماہ تک منعقد نہیں ہو سکی تاہم بدھ سے ایونٹ کا دوبارہ آغاز ہو گیا ہے۔

کورونا وائرس کے باعث کئی ماہ سے التوا کا شکار انگلش پریمیئر لیگ کا بدھ سے انگلینڈ میں دوبارہ آغاز ہو گیا ہے۔

انگلش پریمیئر لیگ کے دوبارہ آغاز پر دو میچز کھیلے گئے جس میں سے ایک میچ میں مانچسٹر سٹی فتحیاب رہی جبکہ دوسرا میچ بے نتیجہ ختم ہوا۔

میچ کے دوران کورونا وائرس کے اثرات واضح طور پر نظر آئے اور میچ کے انعقاد سے قبل اسٹیڈیم کو جراثیم سے پاک کیا گیا اور کھلاڑی بھی تمام تر حفاظتی تدابیر اختیار کرتے نظر آئے۔

میچ کو بند دروازوں کے پیچھے منعقد کیا گیا اور اسٹیڈیم میں شائقین موجود نہ تھے جبکہ متبادل کھلاڑی بھی ڈگ آؤٹ کے بجائے اسٹیڈیم میں سماجی فاصلہ برقرار رکھ کر بیٹھے ہوئے تھے۔

آرسینل کے خلاف میچ کے دوران مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی ایرک گارشیا دفاع کرتے ہوئے اپنی ہی ٹیم کے گول کیپر سے ٹکرا کر زخمی ہو گئے، انہیں 11 منٹ تک طبی امداد فراہم کی گئی لیکن وہ اپنے ہواس برقرار نہ رکھ سکے جس کے بعد انہیں فوری طور پر آکسیجن ماسک لگا کر اسٹیڈیم سے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ان کی حالت خطرے سے باہر ہے لیکن وہ چند میچوں میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔