کھیل

محمد عامر انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے اسکواڈ میں شامل

گزشتہ ہفتے اپنی دوسری بیٹی کی پیدائش کے بعد عامر اب اسکواڈ کا حصہ بن جائیں گے۔

دورہ انگلینڈ سے ابتدائی طور پر دستبردار ہونے والے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر اپنی بیٹی کی پیدائش کے بعد اسکواڈ کا حصہ بن جائیں گے۔

محمد عامر کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع تھی جس کی وجہ سے انہوں نے دورہ انگلینڈ سے دستبرداری کا اعلان کردیا تھا تاہم گزشتہ ہفتے اپنی دوسری بیٹی کی پیدائش کے بعد عامر اب اسکواڈ کا حصہ بن جائیں گے۔

دورہ انگلینڈ کے سلسلے میں محمد عامر اور مساجر محمد عمران کا کورونا کا ٹیسٹ پیر کو کیا گیا اور انگلینڈ روانگی سے قبل ان کے لازمی طور پر دو منفی ٹیسٹ آنے چاہئیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق اگر ان دونوں کا پہلا ٹیسٹ منفی آیا تو انہیں لاہور میں بائیو سیکیور ماحول میں رکھا جائے گا جہاں ان کا دوسرا کورونا ٹیسٹ بدھ کو ہوگا جس کے بعد وہ ہفتے کے آخر میں انگلینڈ روانہ ہوں گے۔

بیان کے مطابق انگوٹھے میں فریکچر کے سبب خوشدل شاہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

خوشدل شاہ ہفتے کو ڈربی میں ٹریننگ کرتے ہوئے انجری کا شکار ہوئے جس کی وجہ سے وہ تین ہفتے کے لیے بیٹنگ نہیں کر سکیں گے۔

اسی طرح اوپننگ بلے باز عابد علی بڑی انجری سے بال بال بچ گئے اور شارٹ لیگ پر فیلڈنگ کے دوران تیز شاٹ سر پر لگنے کے سبب انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

ٹیم ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ عابد علی بالکل ٹھیک ہیں اور منگل کو آرام کے بعد بدھ کو دوبارہ ٹریننگ شروع کردیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ احتیاطاً اوپننگ بلے باز کا سٹی اسکین کرایا گیا جو بالکل ٹھیک آیا جس کے بعد گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 5 اگست سے مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔